نیوزی لینڈ میں 7.8 شدت کا زلزلہ، دو افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2016
زلزلے کے بعد شہری انتظامیہ کے انجینیئرز نے عمارتوں کا جائزہ لینے کا آغاز کردیا—فوٹو:اے ایف پی
زلزلے کے بعد شہری انتظامیہ کے انجینیئرز نے عمارتوں کا جائزہ لینے کا آغاز کردیا—فوٹو:اے ایف پی

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے جنوبی حصے میں 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے، جس کے بعد محکمہ شہری دفاع نے سونامی کی وارننگ جاری کردی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 7.4 تھی اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

ادھر امریکی جیولوجیکل سروے کی تازہ رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 7.8 شدت کے تھے۔

نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ میں 7.8شدت کا زلزلہ آیا جس کے بعد سونامی کااعلان کیا گیا—فوٹو: اے ایف پی.
نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ میں 7.8شدت کا زلزلہ آیا جس کے بعد سونامی کااعلان کیا گیا—فوٹو: اے ایف پی.

امریکی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز نیوزی لینڈ کے جزیرے پر قائم شہر کرائسٹ چرچ سے جنوب میں 90 کلومیٹر دور تھا۔

حکام کے مطابق شدید زلزلے کی وجہ سے دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے دو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔

انھوں مواصلاتی نظام میں مشکلات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کی جاسکتیں۔

یہ بھی دیکھیں: نیوزی لینڈ میں 7.8 شدت کا زلزلہ

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زلزلے سے شدید متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کیلئے ہیلی کاپٹر بھیجا جائے گا۔

7.8 شدت کے زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور گھروں سے باہر نکل آئے—فوٹو: اے ایف پی.
7.8 شدت کے زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور گھروں سے باہر نکل آئے—فوٹو: اے ایف پی.

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی حکومت نے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی۔

نیوزی لینڈ کے محکمہ شہری دفاع کا کہنا تھا کہ سونامی شمالی جزیرے کی مشرقی پٹی سے ٹکرا سکتا ہے، جس سے بچنے کیلئے عوام فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سونامی کی پہلی لہر زیادہ خطرناک نہیں ہوگی تاہم لہریں کئی گھنٹوں تک وقفے وقفے سے آتی رہیں گی۔

ایک مقامی خاتون کا کہنا تھا کہ زلزلے کے چھٹکے بہت طویل دورانیے تک تھے اور اس کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پاکستانی کی من اور وومن کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑی محفوظ ہیں

واضح رہے کہ پاکستان کی من اور وومن کرکٹ ٹیمیں ان دنوں نیوزی لینڈ میں موجود ہیں جہاں وہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شرکت کریں گی۔

نیوزی لینڈ میں آنے والے زلزلے کے موقع پر پاکستان کی من کرکٹ ٹیم نیلسن جبکہ وومن کرکٹ ٹیم کرائسٹ چرچ کے ہوٹلوں میں قیام پزیر تھیں۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی من ٹیم کے مینجر وسیم باری نے تصدیق کی ہے کہ نیوزی لینڈ میں آنے والے شدید زلزلے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی محفوظ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس وقت زلزلہ آیا کچھ کھلاڑی عبادت، کچھ انگلیڈ اور انڈیا کے درمیان جاری میچ دیکھ رہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ہوٹل کے اسٹاف نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوٹل کی چھٹی اور ساتویں منزلوں سے نکلالنے میں مدد فراہم کی۔

بعد ازاں پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ثناء میر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں وومن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کی خیریت کی تصدیق کی۔

خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقے میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی وجہ سے ایک چھوٹے سونامی نے جنم لیا تھا تاہم اس سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اس سے قبل فروری 2011 کرائسٹ چرچ میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 185 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ آسٹریلین اور پیسیفک ٹیکٹونک پلیٹوں کا درمیانی علاقہ ہے، یہ مقام 'رنگ آف فائر' کے نام سے معروف ہے اور یہاں سالانہ 15000 زلزلے کے چھٹکے ریکارڈ ہوتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں