کہا جاتا ہے کہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں کوئی شادی شدہ خاتون حاملہ ہوجائیں تو ان کا کیریئر بھی بس ختم ہی ہوجاتا ہے، تاہم بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے ان تمام غلط فہمیوں کو دور کردیا۔

جہاں لوگ حمل کے بعد کام چھوڑ کر گھر بیٹھنے اور آرام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، وہیں کرینہ کپور خان نے مزید پرعزم ہوکر اپنا ہر کام انجام دیا اور خواتین کو نہایت اچھا پیغام دیا۔

کرینہ نے اپنی فلم 'کی اینڈ کا' میں مردوں اور خواتین کے کاموں کو تبدیل کرکے تو کچھ خاص کامیابی حاصل نہیں کی، تاہم اپنی ذاتی زندگی میں انہوں نے اس بات کو ضرور اہمیت دی کہ خواتین کو اپنی مرضی سے کام کرنا چاہیے اور معاشرے کا ان کی زندگی میں کوئی عمل دخل نہیں۔

کرینہ کپور کے حاملہ ہونے کے دوران ایسے 5 لمحات یہاں ترتیب دیئے گئے ہیں، جہاں انہوں نے اسٹائلش نظر آنے کے ساتھ ساتھ خود کو ایک مضبوط خاتون کے طور پر پیش کیا۔

1-حاملہ ہونے سے کیریئر متاثر نہیں ہوسکتا

ماں بننے کے اعلان کے بعد اداکارہ کا ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا 'میں حاملہ ہوں، مردہ نہیں، یہ کوئی بیماری نہیں ہے'۔

اپنے کام سے وقفہ لینے کی افواہوں پر کرینہ نے کہا تھا کہ 'یہ چھٹی لینا کیا ہے؟ ماں بننا دنیا کا سب سے نارمل کام ہے، بہتر ہے میڈیا مجھے پہلے سے کچھ مختلف پیش کرنا بند کردے، اگر کسی کو مسئلہ ہے تو میرے ساتھ کام نہ کرے، لیکن میرا کام ہمیشہ کی طرح رہے گا'۔

2- کرینہ کا اپنے حاملہ ہونے کی خبر کو نہ چھپانا

ایک ایونٹ کے دوران کرینہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے ماں بننے پر فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا 'میں جیسا بھی کردار کروں، میں کچھ چھپاؤں گی نہیں، مجھے اپنے ماں بننے پر فخر ہے'۔

3- جب کرینہ نے ریمپ پر واک کی

کرینہ کپور خان اسی دوران ہندوستانی ڈیزائنر سبیاسچی کے لیے لیکمے فیشن ویک کے دوران ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں، اس دوران عروسی جوڑے میں انہوں نے شائقین کی خوب داد وصول کی، اس حوالے سے کرینہ کا کہنا تھا کہ 'میرے لیے یہ بہت ہی جذباتی لمحہ تھا، میں اپنے بچے کے ساتھ پہلی مرتبہ ریمپ پر چلی، یہ میرے لیے یادگار موقع تھا'۔

4- اشتہارات کی شوٹنگ اور پروموشنز

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور خان کو 18 برینڈز کی شوٹنگ اور پروموشنز کرنی تھی اور جب کسی نے ان سے کہا کہ اس طرح وہ اپنے بچے کو نقصان پہنچا سکتی ہیں تو کرینہ کا جواب میں کہنا تھا کہ 'آپ کو کیسے معلوم کہ میں آرام نہیں کررہی؟ میں دن میں کام کرتی ہوں اور رات میں آرام کرتی ہوں، مجھے لگتا ہے کہ یہ بہت فضول بات ہے کہ حمل کے دوران صرف آرام کرنا چاہیے'۔

5- پروفیشنل ذمہ داریوں سے پیچھے نہ ہٹنا

جب کرینہ کپور خان نے اپنے حمل کا اعلان کیا، تب رپورٹس سامنے آئیں کہ وہ اپنی فلم 'ویرے دی ویڈنگ' میں کام نہیں کریں گی، تاہم فلم کے پروڈیوسرز کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ کرینہ اسی طرح فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔

ریہا کپور کا کہنا تھا کہ 'کرینہ بہت ہی پروفیشنل ہیں اور فلم کی شوٹنگ کا آغاز اگست میں کریں گی، مجھے فخر ہے کہ وہ میری فلم کا حصہ ہیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں