اظفر رحمٰن کا نیا ڈرامہ کالے جادو پر مبنی

26 نومبر 2016
اظفر رحمٰن اپنے ڈرامے 'نظر بد' کے سیٹ پر موجود ہیں — فوٹو/ اسکرین شاٹ
اظفر رحمٰن اپنے ڈرامے 'نظر بد' کے سیٹ پر موجود ہیں — فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکار اظفر رحمٰن بہت جلد 'نظر بد' نامی ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گے، جس کی کہانی کالے جادو پر مبنی ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے اظفر رحمٰن کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک رومانوی کہانی ہے، تاہم کالے جادو کی وجہ سے باقی ڈراموں سے مختلف ہے، ایسا پہلی بار ہورہا ہے جب میں کچھ الگ کرنے جارہا ہوں، کچھ ایسا جو میری شخصیت کے برعکس ہے'۔

اداکار نے مزید کہا 'میرے خیال سے کالاجادو ایک ایسا موضوع ہے جس کے بارے میں لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے، مجھے امید ہے لوگوں کو اس ڈرامے کو دیکھ کر مزہ آئے گا، لیکن اس سے کالے جادو سے بچنے کا اندازہ بھی ہوگا، اس میں ڈر کا پہلو بھی شامل ہے، جس کے لیے شائقین کو تیار رہنا چاہیے'۔

ڈرامہ 'نظر بد' کی کاسٹ میں اظفر رحمٰن کے علاوہ سارہ خان، سکینہ سموں، وسیم عباس، فضیلہ قاضی، علی عباس اور قوی خان سمیت کئی اداکار شامل ہیں۔

اظفر رحمٰن نے مزید بتایا کہ وہ ڈرامہ 'نظر بد' کے علاوہ اداکارہ سوہائے علی ابڑو کے ساتھ ایک ڈرامے اور دو فیچر فلموں پر بھی جلد کام شروع کریں گے۔

اس حوالے سے اظفر رحمٰن نے کہا کہ شائقین کو ان کے گزشتہ ڈرامے 'تمہاری نتاشا' میں سوہائے علی ابڑو اور ان کی جوڑی پسند آئی تھی، نئے ڈرامے کی کہانی بھی ایک لو اسٹوری ہے، تاہم فلموں کے بارے میں وہ کچھ نہیں بتا سکتے۔

تبصرے (0) بند ہیں