صبیحہ خانم بھی پاکستان فلم فیسٹیول نیویارک کا حصہ

اپ ڈیٹ 28 نومبر 2016
صبیحہ خانم اپنی نواسی سارش خان کے ہمراہ ایونٹ میں شرکت کریں گی—۔فائل فوٹو
صبیحہ خانم اپنی نواسی سارش خان کے ہمراہ ایونٹ میں شرکت کریں گی—۔فائل فوٹو

نیویارک میں ہونے والے پاکستان فلم فیسٹیول میں لولی وڈ کی معروف اداکارہ صبیحہ خانم بھی شرکت کریں گی۔

صبیحہ خانم 2 دسمبر کو ایونٹ کے ریڈ کارپٹ میں شریک ہوں گی۔

یہ فلم فیسٹیول اگلے ماہ 3 اور 4 دسمبر کو منعقد ہوگا، جہاں فلم 'دوبارہ پھر سے'، 'لاہور سے آگے'، 'ایکٹر ان لا'، 'ماہ میر'، اینیمیٹڈ فلم 'تین بہادر'، 'دختر'، 'ڈانس کہانی' اور 'ہو من جہاں' کی نمائش کی جائے گی۔

اس ایونٹ کا آغاز اور تشہیر اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی کررہی ہیں، جسے منظم کرنے والی فریحہ الطاف ہیں۔ پاکستانی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات اس ایونٹ کا حصہ بنیں گی اور اب اس لسٹ میں صبیحہ خانم بھی شامل ہوچکی ہیں۔

مزید پڑھیں:نیویارک میں پاکستانی فلم فیسٹیول کی منصوبہ بندی

1950 اور 1960 کی دہائی میں صبیحہ خانم پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف ترین اداکارہ تھیں، ان کے شوہر مرحوم سنتوش کمار کے ساتھ ان کی جوڑی لولی وڈ کی مشہور جوڑیوں میں سے ایک تھی۔

صبیحہ خانم کو 1986 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

نیویارک فلم فیسٹیول میں وہ اپنی نواسی اور مِس پاکستان یو ایس اے سارش خان کے ساتھ شرکت کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان فلم فیسٹیول نیویارک میں کون کون شریک ہوگا؟

اس حوالے سے سارش کا کہنا تھا، 'نانی کافی عرصے سے منظرعام سے غائب ہیں، لیکن انھیں اس بات پر فخر ہے کہ میں ایک فنکار کی حیثیت سے اپنے شوق کو پورا کر رہی ہوں، لہذا وہ مجھے اور پاکستانی سینما کو سپورٹ کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتی'۔

سارش خان نے حال ہی میں 2 پاکستانی فلمیں سائن کی ہیں، جن میں سے ایک 'رہبرا' ہے جس میں عائشہ عمر اور احسن خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں