میجر جنرل آصف غفور ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر

اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2016
میجر جنرل آصف غفور اس سے قبل سوات میں ایک ڈویژن کی کمانڈ کر رہے تھے—فوٹو: آئی ایس پی آر
میجر جنرل آصف غفور اس سے قبل سوات میں ایک ڈویژن کی کمانڈ کر رہے تھے—فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: میجر جنرل آصف غفور کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) مقرر کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاک فوج میں نئی تقرریاں کی گئی ہیں جس کے تحت سوات میں ایک ڈویژن کی کمانڈ کرنے والے میجر جنرل آصف غفور کو ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر کردیا گیا۔

عسکری ذرائع کے مطابق میجر جنرل غفور آرٹیلری رجمنٹ سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں آپریشنر کا وسیع تجربہ حاصل ہے جبکہ وہ آپریشن المیزان میں ایک یونٹ کی کمانڈ بھی کرچکے ہیں۔

وہ ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ قومی ایکشن پلان (نیپ) کی تکمیل میں بھی شامل رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل عبداللہ ڈوگر کو پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کا کمانڈنٹ جب کہ میجر جنرل سید عدنان کو جنرل آفیسر کمانڈنگ (جے او سی) لاہور مقرر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 7 میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی

مزید کہا گیا کہ میجر جنرل فدا ملک کو پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لاجسٹک جب کہ میجر جنرل ظفراللہ خان کو جنرل آفیسر کمانڈنگ پنوعاقل تعینات کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل نادر خان کو جی ایچ کیو میں ڈی جی پرسونل سروسز اینڈ پرووسٹ مارشل (پی ایس اینڈ پی ایم) جب کہ میجر ظفر اقبال کو جنرل آفیس کمانڈنگ آرمر ڈویژن گجرانوالہ میں تعینات کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ ڈی جی آئی ایس پی آر تھے، جن کو ترقی دے کر جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف آرمز تعینات کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی تبدیلی کے ساتھ پاک فوج میں دیگر عہدوں پر بھی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

کور کمانڈر کراچی نوید مختار کو ترقی دے کر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) تعینات کردیا گیا تھا جب کہ ڈی جی رینجرز سندھ لیفٹینٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں