• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:54pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:57pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:54pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:57pm

منڈی ایکسپریس: سبزی، پھل، گوشت آن لائن دستیاب

شائع December 23, 2016
آن لائن اسٹور’منڈی ایکسپریس‘ سے  کھانے کی تازہ اشیاء گھر پر منگوائی جا سکتی ہیں۔ — فوٹو کامران نفیس
آن لائن اسٹور’منڈی ایکسپریس‘ سے کھانے کی تازہ اشیاء گھر پر منگوائی جا سکتی ہیں۔ — فوٹو کامران نفیس

پاکستانی نوجوانوں کی طرح میرا اتنا زیادہ وقت کمپیوٹر اسکرین کے سامنے کام کرتے یا پڑھتے ہوئے گزرتا ہے کہ مجھے بازار میں دکانوں پر جا کر بھاؤ تاؤ کرکے معیاری پھل و سبزیاں خریدنے کا ہنر نہیں آتا۔

کم قیمت میں معیاری چیز خریدنا میرے لیے ہمیشہ سے ایک مشکل کام رہا ہے۔ اور یہیں پر مجھے منڈی ایکسپریس پرکشش محسوس ہوئی۔

جہانزیب چوہدری اور دانیال بلخی کی قائم کردہ یہ ویب سائٹ گھر بیٹھے تازہ اشیاء خریدنے کے لیے کارآمد ہے۔ ویب سائٹ کے پیچھے بنیادی خیال یہ ہے کہ آڑھتیوں اور ایجنٹوں کو ختم کرتے ہوئے چھوٹے کاشتکاروں کو براہِ راست صارفین سے منسلک کر دیا جائے، تاکہ کاشتکاروں کے منافع میں اضافہ ہو اور صارفین کے لیے سہولت پیدا ہو۔

استعمال میں آسان ویب سائٹ

ویب سائٹ کا ڈیزائن پرکشش اور جدید ہے جبکہ اس کے احتیاط سے چنے گئے رنگ آنکھوں کو بہت بھلے محسوس ہوتے ہیں۔

منڈی ایکسپریس کا صفحہ اول — اسکرین شاٹ
منڈی ایکسپریس کا صفحہ اول — اسکرین شاٹ

ہوم پیج پر ان کی کچھ مصنوعات، رعایتی کوڈز اور سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اشیاء کی فہرست موجود ہے۔

ویب سائٹ کی نیویگیشن بہت آسان ہے اور کلک کرنے پر ہر انتخاب اسی پیج کے اندر کھلتا ہے، جس کی وجہ سے براؤزنگ تیز تر ہوتی ہے۔

مگر اس کا نقصان یہ ہے کہ آپ ویب سائٹ کے مختلف پیجز مختلف ٹیبز میں نہیں کھول سکتے، اس کے لیے آپ کو ویب سائٹ نئے ٹیب میں دوبارہ کھولنی ہوگی اور پھر اس سیکشن میں جانا ہوگا، اگر آپ جلد سے جلد خریداری نمٹانا چاہ رہے ہیں تو یہ وقت طلب کام ہے۔

آپ کی توجہ فوراً اپنی جانب مبذول کروانے والا ایک سیکشن 'پاپولر ٹیگز' بائیں جانب موجود ہے، جس میں آپ مختلف پراڈکٹس کے فوائد دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں موجود بے تحاشہ ٹیگز میں سے چند "خون کی کمی"، "یادداشت میں بہتری"، "مانعِ کینسر" وغیرہ ہیں۔ جب آپ ان میں سے کسی ٹیگ پر کلک کریں گے تو ویب سائٹ آپ کو وہ پراڈکٹس دکھائی گی جن میں یہ فوائد موجود ہیں۔

خریداری کی ہدایات، واپسی کی پالیسی، ڈسکاؤنٹ کوڈز اور دیگر اہم معلومات ویب سائٹ پر نمایاں انداز میں موجود ہیں جس سے کسی نئے صارف کے لیے بھی کوئی ابہام نہیں رہتا۔

مصنوعات کی طویل فہرست

دستیاب مصنوعات کی فہرست بہت طویل ہے، اور ان میں کئی چیزیں ایسی بھی شامل ہیں جو آپ کو محلے کی دکانوں یا ٹھیلوں پر مشکل سے ہی ملیں۔

حال ہی میں شروع ہونے والی یہ ویب سائٹ اپنے نام کی طرح صارفین کو سبزیاں اور پھل تو فراہم کرتی ہی ہے، مگر ساتھ ساتھ سی فوڈ، گوشت، مصالحے، چٹنیاں، اچار، جوس اور صحت کے معاملے میں حساس صارفین کے لیے خصوصی کھانے بھی اس کی فہرست میں ہیں۔

حیران کن طور پر ویب سائٹ پر دودھ سے بنی ہوئی اشیاء کا بھی ایک وسیع حصہ موجود ہے۔

منڈی ایکسپریس سے آرڈر کیے گئے سلاد کے پتے اور مٹر۔ — فوٹو کامران نفیس۔
منڈی ایکسپریس سے آرڈر کیے گئے سلاد کے پتے اور مٹر۔ — فوٹو کامران نفیس۔

فہرست میں سبزیوں، پھلوں اور گوشت کے نام انگلش کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی موجود ہیں تاکہ کسی کو بھی خریداری میں مشکل درپیش نہ آئے۔

پھلوں کے حصے میں انناس (پائن ایپل)، ناشپاتی (ایووکاڈو)، کیوی، نیلے بیر (بلو بیریز) اور رس بھری (ریسپبیری) سمیت ایسے کئی پھل موجود ہیں جو آپ کو سڑک کنارے موجود پھلوں کی دکانوں اور ٹھیلوں پر آسانی سے نہیں ملیں گے۔

کوالٹی کی بات کی جائے تو اس ویب سائٹ پر زیادہ تر پھل عام اور 'درجہءِ اول' یا 'ایک نمبر' دونوں معیار میں دستیاب ہیں، تھوڑی سی زیادہ قیمت کے عوض آپ اچھے معیار کے پھل اپنے گھر پر منگوا سکتے ہیں، ورنہ کئی پھل فروش آپ کو مہنگے داموں کے عوض بھی اچھی چیز فراہم نہیں کرتے۔

مناسب قیمتیں (سی فوڈ کے علاوہ)

یہاں دستیاب زیادہ تر چیزوں کے نرخ آپ کے محلے کے پھل و سبزی فروش ریٹ جتنے ہی ہوں گے۔ سبزیوں اور پھلوں کی ویب سائٹ پر موجود قیمتوں اور مارکیٹ قیمتوں میں یا تو بالکل فرق نہیں ہے، یا بہت تھوڑا فرق موجود ہے، مگر سی فوڈ کی قیمتیں علاقے میں ملنے والے سی فوڈ سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں۔

جب میں نے ویب سائٹ کے بانی جہانزیب چوہدری سے اس کی وجہ جاننی چاہی، تو ان کا کہنا تھا کہ معیار اور تازگی کو یقینی بنانے کے لیے ان کی ویب سائٹ ایک برآمد کنندہ سے ہی سی فوڈ خریدتی ہے جبکہ سی فوڈ کے تمام آئٹمز اسی دن پکڑے گئے ہوتے ہیں۔

گوشت مارکیٹ میں گھومنے پھرنے پر میں نے پایا کہ ویب سائٹ پر موجود بیف، پولٹری اور مٹن کی قیمتیں دکانوں کی قیمتوں سے تھوڑی سی زیادہ ہیں، ویسے یہ متوقع بھی ہے کیوںکہ آپ کو گرمی میں قصائی کی دکان پر کھڑے ہوئے بغیر صاف ستھرا گوشت آپ کے گھر پر میسر ہوگا۔

آرڈر کرنا بہت آسان

اس ویب سائٹ پر آپ جتنی آسانی سے اپنی مرضی کی مصنوعات تلاش کر کے آرڈر کر سکتے ہیں، یہ چیز اسے دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔

دائیں جانب شاپنگ کارٹ چیزوں کا اضافہ کرنے یا نکالنے پر نیا پیج کھلے بغیر اپ ڈیٹ ہوتا رہتا ہے، اس سے چیک آؤٹ کافی تیزی سے ہوسکتا ہے، چیک آؤٹ سے پہلے آپ کے سامنے آرڈر فارم آئے گا، جس میں آپ ڈیلیوری لانے والے شخص کے لیے ہدایات بھی تحریر کر سکتے ہیں۔

منڈی ایکسپریس سے آرڈر کی گئی پالک اور ٹماٹر۔ — فوٹو کامران نفیس۔
منڈی ایکسپریس سے آرڈر کی گئی پالک اور ٹماٹر۔ — فوٹو کامران نفیس۔

یوں تو ویب سائٹ کے مطابق ڈیلیوری چارجز 30 روپے ہیں، مگر یہ فی الوقت ایک 'خصوصی آفر' کے تحت غیر معینہ مدت کے لیے وصول نہیں کیے جا رہے۔

شاپنگ کارٹ میں اضافہ یا کمی کرتے ہوئے جو چیز پریشان کن تھی وہ یہ کہ کبھی کبھی انٹرنیٹ کنکشن صحیح ہونے کے باوجود شاپنگ کارٹ اپ ڈیٹ نہیں ہوتا یا دیر سے ہوتا ہے۔

ڈیلیوری سے متعلق مثبت اور منفی نکات

منڈی ایکسپریس آپ کو دن کے تین اوقات میں اشیاء فراہم کر سکتی ہے، پہلا وقت صبح 8 سے صبح 11 بجے تک کا ہے، دوسرا دوپہر 12 سے 3:30 تک اور پھر شام 5:30 سے رات 9 بجے تک ہے۔

اگر آپ کسی دن گھر پر کوئی چیز منگوانا چاہتے ہیں، تو آپ کو رات دو بجے سے قبل آرڈر کرنا ہوگا، مثلاً اگر آپ چاہتے ہیں کہ 25 دسمبر کو صبح 11 بجے آپ کو آپ کا آرڈر موصول ہوجائے، تو آپ کو رات دو بجے سے پہلے پہلے آرڈر کرنا ہوگا، اگر آپ نے رات 3 بجے آرڈر کیا، تو پھر آپ کی چیزیں آپ کو 26 دسمبر کو موصول ہوں گی۔

گوشت کے آئٹمز کے علاوہ ویب سائٹ ڈیلیوری کے 48 گھنٹوں میں چیزیں واپس لینے کی پیشکش کرتی ہے، گوشت کے آئٹمز اگر آپ کھانے لائق نہ سمجھیں تو انہیں ڈیلیوری کے وقت ہی واپس کر سکتے ہیں۔

منڈی ایکسپریس سے آرڈر کیے گئے سیب اور کیلے۔ — فوٹو کامران نفیس۔
منڈی ایکسپریس سے آرڈر کیے گئے سیب اور کیلے۔ — فوٹو کامران نفیس۔

منڈی ایکسپریس کی سروس اور ان کی پراڈکٹس کے معیار کو جانچنے کے لیے ہم نے کئی تازہ اشیاء آرڈر کیں، ہمارے شاپنگ کارٹ میں مندرجہ ذیل آئٹمز موجود تھے۔

  • کیلا (درجہءِ اول)

  • سیب (گولڈن، درجہءِ اول)

  • مٹر

  • سلاد کے پتے

  • پالک

  • ٹماٹر

  • مرغی کی گوشت

ان سات اشیاء کی کل قیمت 837 روپے تھی جو کہ پہلی دفعہ خریداری کرنے والوں کے لیے 15 فیصد ڈسکاؤنٹ کے بعد 711.45 روپے رہ گئی۔

چونکہ میں کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں رہتا ہوں، اس لیے میں یہ اشیاء اپنے گھر پر نہیں منگوا سکتا تھا، کیونکہ ویب سائٹ ابھی تک میرے علاقے میں ڈیلیور نہیں کر رہی، چنانچہ میں آرڈر اپنے دوست کے گھر منگوانے پر مجبور تھا، فی الوقت کمپنی کراچی کے صرف چار علاقوں ڈیفنس، کلفٹن، کے ڈی اے اور پی ای سی ایچ ایس میں ڈیلیوری کر رہی ہے۔

جہانزیب چوہدری کے مطابق انہوں نے حال ہی میں گلشنِ اقبال اور نارتھ ناظم آباد میں بھی ڈیلیوری شروع کی ہے، مگر آزمائشی بنیادوں پر ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔

متاثرکن مصنوعات

مرغی کی تھیلی سیل شدہ نہیں تھی — فوٹو کامران نفیس
مرغی کی تھیلی سیل شدہ نہیں تھی — فوٹو کامران نفیس

مجموعی طور پر میں ڈیلیور ہونے والے آئٹمز کی پیکنگ اور پریزنٹیشن سے متاثر ہوا، مگر مجھے مرغی پیک کرنے میں کی گئی سستی دیکھ کر افسوس ہوا، سبزیاں اور پھل اچھی طرح سیل شدہ تھیلیوں میں فراہم کیے گئے تھے، مگر مرغی کی تھیلی سیل نہیں کی گئی تھی۔

ایک سیب اندر سے خراب نکلا — فوٹو کامران نفیس
ایک سیب اندر سے خراب نکلا — فوٹو کامران نفیس

کیلوں کے علاوہ زیادہ تر آئٹمز ویب سائٹ پر موجود تصاویر کی طرح ہی تھے، کیلے بالکل بھی درجہءِ اول کے نہیں لگ رہے تھے، لیکن پھر بھی صاف، تازہ، میٹھے، اور نہایت ذائقے دار تھے، ایک سیب اندر سے خراب دیکھ کر مجھے بہت حیرانی ہوئی۔

سبزیاں صاف ستھری، تازہ، اور اچھی طرح پیک کی گئی تھیں، کوئی بھی چیز باسی نہیں تھی، مجموعی طور پر ویب سائٹ کے تازہ اشیاء گھر پہنچانے کے دعوے کو پورا ہوتا دیکھ کر اچھا لگا۔

لُبِ لُباب

جیسے ہی منڈی ایکسپریس میرے علاقے میں ڈیلیوری شروع کرے گی، تو میں یہاں سے چیزیں ضرور خریدا کروں گا، لیکن اس کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ ان چند خامیوں کو کمپنی کتنی جلدی درست کرتی ہے۔

اگر آپ کھانے کی اشیاء آن لائن خریدنا چاہتے ہیں تو آپ کو ایک دفعہ منڈی ایکسپریس ضرور آزمانی چاہیے، آپ کو کبھی کبھی ان کے نرخ نسبتاً زیادہ محسوس ہوں گے، مگر یہ ہوشربا حد تک زیادہ نہیں ہیں، اس کے علاوہ زیادہ تر چیزوں کا معیار بھی کافی اچھا ہے۔

پیکنگ اور پریزنٹیشن: 8/10

معیار: 9/10

نرخ: 8/10

مجموعی تجربہ: 9/10

انگلش میں پڑھیں


کیا آپ بھی اپنی پراڈکٹ/سروس کا ریویو کروانا چاہتے ہیں؟ ہمیں [email protected] پر ای میل کیجیے۔

کارٹون

کارٹون : 13 اکتوبر 2024
کارٹون : 12 اکتوبر 2024