معین علی کی 2016 میں تاریخی کارکردگی

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2016
معین علی نے ہندوستان کے خلاف حالیہ سیریز میں دو سنچریاں بنائی تھیں—فائل/فوٹو:اے ایف پی
معین علی نے ہندوستان کے خلاف حالیہ سیریز میں دو سنچریاں بنائی تھیں—فائل/فوٹو:اے ایف پی

انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے 2016 میں ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ میں اپنا نام جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر کیلس اور انگلینڈ کے آئن بوتھم کے ساتھ درج کروا لیا ہے۔

2016 میں معین علی ٹیسٹ کرکٹ میں 1000 رنز اور 30 وکٹیں حاصل کرکے ایک سال میں یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔

کرکٹ ڈاٹ کام اے یو کے مطابق معین علی نے ہندوستان کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میں ایشانت شرما کی گیند پر رن لے کے یہ اعزاز حاصل کیا اور سابق مشہور آل راؤنڈر کیلس اور بوتھم کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

بوتھم پہلے کھلاڑی تھے جنھوں نے 1982 میں ایک سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں 47 وکٹوں کے ساتھ ساتھ ایک ہزار 95 رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

مزید پڑھیے: چنائے ٹیسٹ کا پہلا دن انگلینڈ اور معین کے نام

جنوبی افریقہ کے کیلس 2001 میں ایک ہزار 120 رنز بنانے کے علاوہ 35 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے تھے۔

تاہم اگر تینوں کھلاڑیوں کا موازنہ کیا جائے تو معین علی نے اس ایک سال کے دوران زیادہ میچ کھیلے ہیں، بوتھم نے 1982 میں 13، کیلس نے 2001 میں 14 ٹیسٹ کھیلے تھے جبکہ معین علی نے انگلینڈ کی جانب سے 2016 کے تمام 17 میچوں میں نمائندگی کی۔

معین علی نے آسٹریلیا، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور انڈیا سمیت تمام بڑی ٹیموں کے خلاف کھیل کر سال کے آخر میں ایک ہزار 78 رنز بنائے جبکہ ہندوستان کے خلاف دورے میں دو سنچریاں بنانے والے سرفہرست انگلش بلےبازوں میں بھی شامل ہوگئے تھے۔

معین علی 2016 میں ایک ہزار سے زیادہ رنزبنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ اس فہرست میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کا راج ہے۔

انگلینڈ کے جوروٹ اس فہرست میں اب تک 1477 رنز بنا کر سہرفہرست ہے، انگلینڈ کے ہی جونی بیئراسٹو 1470 رنز بنا کر دوسرے، کپتان الیسٹر کک 1270 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے 2016 میں 1215 رنز بنائے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان ٹیم کے نائب کپتان اظہرعلی 950 رنز بنا کر اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں اور انھیں آسٹریلوی کپتان پر برتری حاصل ہے جنھوں نے 914 رنز بنا رکھے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال کا آخری ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو شروع ہوگا جہاں دونوں کھلاڑی اپنی پوزیشن کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

پاکستانی بلےبازوں میں اسد شفیق نے 10 میچوں میں 667 رنزاور یونس خان نے 628 رنز بنائے اور سمیع اسلم 607 رنز بنا کر نمایاں ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں