بھارت: طیارہ رن وے سے پھسل گیا، 15 مسافر زخمی

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2016
جہاز کا رخ رن وے پر اچانک مڑ گیا، کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا—فوٹو: اے ایف پی
جہاز کا رخ رن وے پر اچانک مڑ گیا، کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا—فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: بھارت کے شہر گوا کی ایئرپورٹ کے رن وے سے مسافر طیارہ پھسلنے سے 15 افراد زخمی ہوگئے جبکہ طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 161 افراد سوار تھے۔

حکام کا کہنا تھا کہ رن وے پر جیٹ طیارے کا رخ اچانک مڑ گیا جس کی وجوہات فوری طور معلوم نہیں ہوسکیں۔

بھارتی بحریہ کے ترجمان ڈی کے شرما نے بتایا کہ حادثے سے 15 مسافر معمولی زخمی ہوئے، جب کہ باقی تمام مسافروں اور عملے کو جہاز سے باحفاظت نکال لیا گیا۔

جاری بیان کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران طیارے سے نکالے جانے کے وقت کچھ مسافروں کو بھی معمولی زخم آئے۔

حادثے میں کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا—فوٹو: اے ایف پی
حادثے میں کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا—فوٹو: اے ایف پی

حادثے کے بعد رن وے کو کچھ دیر کے لیے بند کیا گیا تھا، امدادی کارروائیوں کے بعد رن وے کو کھول دیا گیا۔

طیارہ حادثہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بھارتی شہر گوا میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا، کیونکہ بھارت کے مغرب میں واقع گوا شہر غیر ملکی سیاحوں کے لیے پرکشش حیثیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: 5 سال میں 20 طیارے تباہ

یاد رہے کہ رواں برس جون میں بھی بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر الہ آباد میں ہندوستانی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، طیارے کے دونوں پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

اس سے قبل اگست 2015 میں بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں کہا تھا کہ ہندوستان میں لڑاکا طیاروں کے پائلٹس کی ناقص تربیت کے باعث گذشتہ 5 سال کے دوران انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) کے 20 لڑاکا طیارے تباہ ہوچکے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی ایئرفورس کو پائلٹس کی ابتدائی تربیت کے لیے ماہر ٹرینرز کی بھی کمی کا سامنا ہے۔

رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ بھارت کی وزارت دفاع کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان کے مجموعی طور پر 20 لڑاکا طیارے جن میں 3 سوکھائی، 12 مگ اور 5 زگوار طیارے شامل ہیں گذشتہ 5 سال حادثے کا شکار ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں