چین سے لندن تک ٹرین سروس کا آغاز

05 جنوری 2017
مال بردار ٹرین 18 دن سفر کرنے کے بعد چین سے برطانیہ پہنچے گی—فوٹو: انڈیپنڈنٹ
مال بردار ٹرین 18 دن سفر کرنے کے بعد چین سے برطانیہ پہنچے گی—فوٹو: انڈیپنڈنٹ

بیجنگ: چین کی وزارت ریلوے نےصوبے ژی جیانگ سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن تک پہلی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کردیا، یہ خصوصی ٹرین 2 جنوری سے لندن کے لیے روانہ ہوچکی۔

چینی خبر رساں ادارے ژنیوا کی رپورٹ کے مطابق خصوصی مال بردار ٹرین نے چین کے مشرقی صوبے ژی جیانگ کے شہر ایوو سے لندن کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا، یہ ٹرین 12 ہزار کلو میٹر کا سفر 18 روز میں طے کرنے کے بعد برطانیہ کے دارالحکومت لندن پہنچے گی۔

چین کا مشرقی صوبہ ژی جیانگ ضروری استعمال کی چھوٹی چیزیں بنانے کے حوالے سے منفرد اہمیت رکھتا ہے، لندن جانے والی خصوصی مال بردار ٹرین یہاں سے گھریلو استعمال کی اشیاء سمیت گارمنٹس، بیگز اور سوٹ کیسز سمیت دیگر مصنوعات لے کر جائے گی۔

خصوصی مال بردار ٹرین قازقستان کے راستے،روس، بیلاروس، پولینڈ، جرمنی، بیلجیم اور فرانس سے ہوتی ہوئی برطانیہ میں داخل ہوگی، جہاں سے وہ دارالحکومت لندن پہنچے گی۔

چین کی وزات ریلوے کا کہنا ہے کہ اس ٹرین سروس سے چین اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات میں بہتری آنے سمیت چین کی مغربی یورپ تک پہنچ میں بھی مضبوط ہوگی،جب کہ اس سے چین کے’ ایک خطہ ایک روڈ‘ کے نظریئے کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: معیشت پر بھاری 'چائنہ کا مال'

وزارت ریلوے کے مطابق اس ٹرین سروس سے ایشیا سے یورپ اور افریقہ تک تجارت اور روابط بڑھانے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ لندن یورپ کا 15 واں شہر ہے، جہاں چین نے اپنی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں