واشنگٹن: امریکی صدر براک اوباما نے اپنی مدت صدارت ختم ہونے سے قبل گوانتامو جیل سے مزید 4 قیدیوں کو آئندہ 24 گھنٹوں میں سعودی عرب منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

خبررساں ایجنسی ’ رائٹرز‘ نے امریکی عہدیداروں کے حوالے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صدر براک اوباما نے نہ صرف 4 قیدیوں کو فوری طور پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے بلکہ امریکی صدر نے رواں ماہ 20 جنوری سے قبل بھی مزید 19 قیدیوں کو مختلف ممالک میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

امریکی عہدیداروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عہدہ سنبھالنے سے قبل گوانتانامو جیل کے 19 قیدیوں کو عمان، متحدہ عرب امارات اور اٹلی منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 'میں گوانتانامو میں مرنا نہیں چاہتا'

خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ گوانتانامو جیل سے حالیہ 23 قیدیوں کی منتقلی کے بعد جیل میں صرف 40 قیدی باقی رہ جائیں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی عہدیداروں نے آئندہ 24 گھنٹوں میں منتقل کیے جانے والے قیدیوں سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔

خیال رہے کہ کیوبا میں موجوداس متنازع امریکی جیل میں صدر براک اوباما کے عہدہ صدارت سنبھالتے وقت 242 قیدی تھے، جب کہ براک اوباما نے اس جیل کو بند کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر امریکی کانگریس کی شدید مخالفت کے باعث وہ گوانتانامو جیل کو تاحال بند نہیں کرسکے۔

مزید پڑھیں: 'کراچی کاٹیکسی ڈرائیور13سال سے گوانتاناموبے میں'

گزشتہ ماہ امریکی صدر براک اوباما نے امریکی کانگریس کی شدید مخالفت کے باوجود گوانتامو جیل سے مزید 23 قیدیوں کو منقتل کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گوانتاموبے جیل کو بند کرنے اور وہاں سے قیدیوں کی منتقلی پر اعتراضات کیے تھے۔

وائٹ ہاؤس نے نومنتخب امریکی صدر کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ براک اوباما کے عہدہ صدارت کا وقت ختم ہونے تک قیدیوں کی منتقلی جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ براک اوباما کے عہدہ صدارت کی دوسری اور آخری مدت 20 جنوری 2017 کو ختم ہو جائے گی۔


تبصرے (0) بند ہیں