ریلیز سے قبل 'رئیس' کو پھر دھمکیاں

11 جنوری 2017
فلم 'رئیس' شاہ رخ اور ماہرہ کی ایک ساتھ پہلی فلم ہے — فوٹو/ فائل
فلم 'رئیس' شاہ رخ اور ماہرہ کی ایک ساتھ پہلی فلم ہے — فوٹو/ فائل

بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی فلم 'رئیس' کو ایک مرتبہ پھر دھمکیاں موصول ہونا شروع ہوگئیں۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کے ساتھ مل کر طے کیا تھا کہ وہ اپنی فلم 'رئیس' کی پروموشن کے لیے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو ہندوستان نہیں بلائیں گے، ساتھ ہی انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ اس فلم کو سکون سے ریلیز ہونے دیا جائے۔

تاہم ہندوستانی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع درگ کے شہر بھلائی کے فلم پروموٹرز (نمائش کنندگان) کو شیو سینا کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونا شروع ہوچکی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق اس شہر میں تمام فلم پروموٹرز کو شیو سینا کی جانب سے ایک خط موصول ہوا جس میں دھمکی دی گئی کہ وہ سینما میں فلم 'رئیس' کی نمائش نہ کریں اور اگر ایسا ہوا تو اپنے نقصان کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے پروموٹر اکشائے راٹھی کا کہنا تھا کہ 'ہم تمام نمائش کنندگان کو یہ خط موصول ہوا ہے، جس میں 'رئیس' پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دیش دروہی کی فلم 'رئیس' کی اسکریننگ نہ کی جائے اور اگر سینما مالکان نے ایسا کیا تو وہ نقصان کے ذمہ دار خود ہوں گے، اس خط پر شیو سینا کے سربراہ راکیش شندے کے دستخط بھی موجود ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام فلم پروموٹرز کو اس دھمکی کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔

راکیش کے مطابق 'یہ غیر قانونی ہے کہ ایک فلم کو سنسر بورڈ سے تو ریلیز کی اجازت مل گئی، لیکن یہاں اس کی ریلیز میں خطرہ ہے، ہم نے پولیس کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے، جب عامر خان کی فلم 'پی کے' ریلیز ہوئی تھی، تب ایک سینما کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا، یہاں کے لوگ فلم دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ڈر کے مارے وہ گھروں سے نہیں نکلتے اور پھر چوری کی فلم کا پرنٹ دیکھتے ہیں جو انڈسٹری کے لیے نقصان دہ ہے'۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث تمام پاکستانی فنکاروں پر گذشتہ برس ہندوستان میں کام پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جبکہ شاہ رخ اور ماہرہ کی فلم 'رئیس' کی ریلیز کے سلسلے میں بھی انتہاپسند ہندو تنظیموں نے رکاوٹیں ڈالنی شروع کردی تھیں۔

فلم 'رئیس' میں شاہ رخ خان نے گجراتی گینگسٹر، پاکستان اداکارہ ماہرہ خان نے ان کی اہلیہ اور نوازالدین صدیقی نے پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا ہے۔

فلم رواں ماہ 25 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں