کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ اے ڈی خواجہ نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں اور حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے تھانہ پولیس اور ٹریفک پولیس باقاعدہ روڈ سروے پر مشتمل مشترکہ منصوبہ ترتیب دیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'کراچی میں ٹریفک جام کی وجہ ترقیاتی کام'

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق ٹریفک کی روانی میں تعطل کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ تمام اضلاع اور ٹریفک زونز کے لحاظ سے مرکزی شاہراہوں، سڑکوں اور دیگر ذیلی سڑکوں پر ٹریفک دباؤ، اسکی وجوہات اور اس حوالے سے درپیش دیگر مسائل پر روڈ سروے پر مشتمل جامع رپورٹ تیار کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد جیسے اقدامات ہر سطح پر انتہائی سخت اور غیرجانبدارانہ بنائے جائیں جبکہ شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلوں پر پابندی کے اوقات پر عمل درآمد میں بھی کسی رعایت یا پس وپیش سے اجتناب کیا جائے۔

مزید پڑھیں: کراچی کا قاتل ٹریفک جام

آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ روڈ سروے اور بعد ازاں مشترکہ ٹریفک روانی منصوبے میں ترقیاتی کاموں، زیرآب آنے کے باعث ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حال سڑکوں کے لیئے نا صرف متبادل راستوں کو مختص کیا جائے بلکہ ان راستوں سے عوام کو آگاہ رکھنے کے لیے بھی تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی متاثر کرنے میں سڑکوں کے اطراف تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کا بھی اہم کردار ہے لہٰذا تمام تھانہ ایس ایچ اوز اور سیکشن افسران ٹریفک کو پابند کیا جاتا ہے کہ وہ متعلقہ حدود سے ایسے تمام تجاوزات اور پارکنگ لاٹس کو فی الفور ختم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔


تبصرے (3) بند ہیں

KHAN Jan 18, 2017 09:36pm
السلام علیکم: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ اے ڈی خواجہ کا یہ نہایت احسن اقدام ہے، اس حوالے سے میں ڈان کے توسط سے کراچی ٹاور پر ٹریفک جام کے متعلق بتاناچاہونگا، ٹاور اور قائد اعظم برج (نیٹی جیٹی پل) پر پہلے بھی ٹریفک اکثر جام رہتا تھا مگر کے پی ٹی کی جانب سے اپنے ہیڈآفس کے سامنے ون وے ایڈلجی ڈنشا روڈ کو ٹریفک کے لیے بند اور اس پر ایک اور فوڈ اسٹریٹ کے مبینہ منصوبے کے باعث صورتحال انتہائی بدتر ہوچکی ہے، پتہ نہیں کیوں ان کے اس غیرقانونی اقدام کے خلاف کسی نے آواز نہیں اٹھائی، اس سڑک کے بند ہونے کے باعث چھوٹی بڑی گاڑیاں جی الانہ روڈ کو استعمال کرتی ہے جو پہلے ون وے تھا اب دوطرفہ ٹریفک کے لیے استعمال ہورہا ہے، جی الانہ روڈ پر بہت زیادہ تجاوزات موجود ہیں اور کے الیکٹرک سمیت بلڈنگز کے رہائشی افرد کی اور دیگر کی گاڑیاں بھی کھڑی رہتی ہیں، ایڈلجی ڈنشا روڈ اور جی الانہ روڈ کو عوام کے مطالبے اور ٹریفک انجنیئرنگ بیورو کے مشورے سے انتظامیہ نے ہی ون وے کیا تھا اور اس پر پبلک ٹرنسپورٹ چلتی تھی مگر اب ایڈلجی روڈ بند ہونے سے ٹاور پر پورے دن ٹریفک کی صورتحال ابتر رہتی ہے۔( جاری ہے)
KHAN Jan 18, 2017 10:13pm
اسی طرح ٹاور کے قریب ہی ریلوے کی خشک گودی ہے اور کنٹیر و سامان لدے ٹرک اندر جانے کے لیے جی الانہ روڈ کے سامنے سے اندر جانے کے لیے مڑتے ہیں جبکہ ایڈلجی ڈنشا روڈ بند ہونے سے ایک وقت میں درجنوں گاڑیاں اور سیکڑوں موٹر سائیکلیں ایم اے جناح روڈ سے جی الانہ روڈ، کھارادر اور اولڈ ایریا وغیرہ جانے کے لیے مڑتی ہیں۔ ٹریفک اہلکار لاکھ کوششوں کے باوجود اس ٹریفک جام پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔گزارش ہے کہ ایڈلجی روڈ کو پہلے کی طرح عام ٹریفک کے لیے کھولا جائے جبکہ ریلوے گودی میں بھی جانے کے لیے پہلے کی طرح پل کے نیچے قائم نپئیر مول روڈ کے پل پر بنی فوڈ اسٹریٹ کو ختم کرکے نیچے سے ہی اندر جانے کا راستہ بنایاجائے، تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کا خاتمہ تو ضروری ہے ہی۔ کراچی کے دیگر شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ ڈان میں اپنے علاقے(صدر، گرومندر، کالا بورڈ، 10 نمبر، لی مارکیٹ، شیر شاہ، لالو کھیت، برنس روڈ غرضیکہ ہر جگہ) کے بارے میں ٹریفک جام اور اس کی وجوہات کے متعلق بیان کریں تاکہ یہ پولیس چیف تک پہنچ سکیں۔ اگر کسی ایک سڑک پر بھی ٹریفک جام کا خاتمہ ہوا تو یہ بھی ایک کامیابی ہی ہے۔ خیر خواہ
zia ahmed Jan 19, 2017 12:51pm
Janaab A.D Khoaja Sb, Bohat shukria in awami masail ki janib tawajah karnay ka. lakin janaab ager hamari police chahay tu yeh masaail khatam nahi tu bohat hud tak kam ho saktay hain. jab bhi iss tarah ka koi order aata hai to police waloon ki chandi ho jati hay or wo sirf apni jaibain bharnay mai masroof nazar aatay hain. janaab, lalokhait 10 number bridge k saath us k ilawaa new karachi 2 minute chowrangi par ghair qanoni parking ki wajah sai, 70%~80% road side block rehti hay. or yeh koi aisi cheez nahi k police waloon ko nazar na aaye. magar mamla wo hi hay k police walay sirf apni jaib bhartay hain or private coasters, haice, suzuki vans or rent a cars ki gariyan poray road per khari rehti hain, jis kivajah sai traffic ki ravani mutasir hoti hay. bara e meharbani iss janib b tawajo dain shukrya. Zia Ahmed