سری نگر: ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 3 مبینہ علیحدگی پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ امتیاز اسماعیل کے مطابق اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے سری نگر سے 25 کلو میٹر دور ہادورہ کے علاقے میں ایک گاؤں میں 2 مبینہ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر کا محاصرہ کیا اس دوران اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ دونوں غیر ملکی تھے۔

رپورٹس کے مطابق دوسری کارروائی کشمیر میں سندا بانی سیکٹر میں کی گئی، فورسز کا دعویٰ تھا کہ علیحدگی پسندوں کے گروپ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے کی کوشش کی، جسے بھارتی فوج نے ناکام بنادیا۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ سے ایک علیحدگی پسند ہلاک ہوا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔

خیال رہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کئی گروپ آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جنہیں بھارتی حکومت اور فوج دہشت گرد پسند سمجھتی ہے۔

کشمیریوں کا مؤقف ہے کہ ہمالیہ کے پہاڑوں کے درمیان پورا خطہ ان کی زمین ہے جس پر بھارت قابض ہے۔

آزادی کی خاطر لڑی جانے والی اس جنگ میں اب تک ہزاروں عام شہری بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارتی فوج کی جانب سے حریت پسند کشمیری نوجوان برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر کے حالات کشیدہ ہیں اور نوجوان حریت پسند کی ہلاکت کے بعد کشمیری نوجوانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بھارتی فوج کے خلاف کشمیرمیں ہونے والے مظاہروں اور تشدد میں اب تک 90 عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں