معین علی کی پی ایس ایل میں شرکت سے معذرت

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2017
معین علی کی جگہ بریڈ ہوج کو کوئٹہ کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے—فائل/فوٹو: اے پی
معین علی کی جگہ بریڈ ہوج کو کوئٹہ کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے—فائل/فوٹو: اے پی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی ذاتی وجوہات کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن سے دست بردار ہوگئے ہیں۔

پی ایس ایل کے متبادل کھلاڑیوں کے لیے گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ ڈرافٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستانی نژاد انگلش آل راؤنڈر کو ویسٹ انڈین کپتان کارلوس بریتھویٹ کے متبادل کے طورپر حاصل کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق معین علی خاندانی مصروفیات کے باعث لیگ سے دست بردار ہوگئے ہیں۔

معین علی مکہ میں عمرہ ادا کریں گے جہاں ان کے اہلخانہ پہلے سے موجود ہیں۔

انہوں نے اپنا پہلا عمرہ 2009 میں ادا کیا اور اگلے ہی سیزن میں ووسٹرشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور اس کامیابی کی وجہ عمرے کو قرار دیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے معین علی کی جگہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار آل راؤنڈر بریڈ ہوج کو شامل کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ بریڈ ہوج نے گزشتہ برس پشاورزلمی کی نمائندگی کی تھی اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں خاصا تجربہ رکھتے ہیں۔

270 ٹی ٹوئنٹی میچوں کا تجربہ رکھنے والے بریڈ ہوج، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے لیے ایک بہترین اضافہ ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں 10نئے غیرملکی کھلاڑی شامل

دوسری جانب پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلے باز تمیم اقبال اپنی قومی ٹیم کی مصروفیات کے باعث پی ایس ایل کو مکمل نہیں کرپائیں گے۔

تمیم اقبال جیسے ہی بنگلہ دیش ٹیم کی نمائندگی کے لیے چلے جائیں گے تو پشاورزلمی اپنی ٹیم میں انگلینڈ کے آل راؤنڈر سمت پٹیل کو شامل کرے گی۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر ٹیم کے ساتھ مصروفیات، انجریز اور دیگر وجوہات کی بنا پر کم و بیش دس کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں شرکت سے معذرت کر لی تھی جس کے باعث ٹیموں کے لیے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب ممکن بنانے کی غرض سے باقاعدہ ڈرافٹ کا انعقاد کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ روز ہونے والے ڈرافٹ میں معین علی، رلی روسو اور جیسن رائے جیسے کئی نامور کھلاڑی لیگ کا حصہ بن گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں