راولپنڈی: نجی ایئر لائن سیرین نے اتوار 29 جنوری سے اندرون ملک اپنی سروس کا آغاز کردیا۔

ایئرلائن کی پہلی پرواز ای آر 503 بوئنگ 800-737 پر اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رات 8 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، اس موقع پر کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او) ریٹائرڈ ایئرکمونڈور خالد بشیر بھی موجود تھے۔

کمپنی کے سی او او کے مطابق ابتدائی طور پر کمپنی نے 4 بوئنگ 800-737 طیاروں سے اندرون ملک پروازوں کا آغاز کیا ہے، جس میں سے 2 نئے جب کہ 2 پانچ سال پرانے طیارے ہیں۔

ایئر کموڈور (ر) خالد بشیر کا کہنا تھا کہ سیرین ایئر کی پروازیں اندرون ملک کراچی اور اسلام آباد سمیت لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد کے لیے ہوں گی البتہ اسکردو کے لیے مارچ میں سروس کا آغاز کیا جائے گا۔

اندرون ملک پروازوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سی او او نے بتایا کہ کراچی سے اسلام آباد یومیہ بنیادوں پر پروازیں ہوں گی، جب کہ کراچی سے پشاور اور کراچی سے فیصل آباد کے لیے ہفتے میں 4 پروازیں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی فضائی کمپنی میں تجربہ کار عملہ اور بہتر تربیت حاصل کرنے والی ایئرہوسٹسز شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)، شاہین ایئر اور ایئر بلیو جیسی فضائی کمپنیاں اندرون ملک پروازوں کی سروس فراہم کرتی تھیں۔


یہ خبر 30 جنوری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (2) بند ہیں

RIZ Jan 30, 2017 12:50pm
LIKE THE COLOR,,
KHAN Jan 30, 2017 06:12pm
اس کا کرایہ بھی لکھ دیتے تو اچھا تھا۔ اور چلانے والے گروپ کی کچھ معلومات دے دی جاتی۔ شکریہ۔ خیرخواہ