عام طور پر تو لوگ کولڈ ڈرنکس یا کولا مشروبات کو محض ایک مشروب ہی سمجھتے ہیں اور اس کے ٹھنڈے دار ذائقے سے گرمی کو دور کرنے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں تاہم آپ کو معلوم ہے کہ یہ صرف پینے کے لیے ہی نہیں بلکہ پھولوں کو بچانے، واش روم کی صفائی اور بالوں کو خوبصورت بنانے کے لیے بھی بہترین ہے؟

نہیں ناں مگر واقعی یہ کولڈ ڈرنک ایسے حیرت انگیز کمالات دکھا سکتی ہے جو آپ کے روزمرہ کے مسائل کو حل کردیں۔

مزید پڑھیں : کولڈ ڈرنکس کے یہ نقصانات جانتے ہیں؟

گاڑی کے بمپر کا زنگ دور کرے

پالش نہیں؟ تو کوئی مسئلہ بھی نہیں۔ آپ اپنی پرانی گاڑی کو کولا کے ایک کین سے نیا روپ دے سکتے ہیں۔ اس میں موجود فاسفورس ایسڈ زنگ کو دور کرکے گاڑی کے بمپر کو جگمگا دیتا ہے۔

کپڑوں سے خون کے دھبے بھی صاف کرے

اگر کسی وجہ سے کپڑوں پر خون کے دھبے آگئے ہیں تو یہ جادوئی سوڈا مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ واشنگ مشین میں ڈیٹرجنٹ اور پانی کے ساتھ کچھ مقدار میں اس کولا کو شامل کریں اور اپنے کپڑوں سے داغ کو دور کرلیں۔

قدرتی گھنگریالا پن

کوکا کولا میں موجود آرتھو فاسفورک ایسڈ بالوں کو چمکدار بنانے اور ہلکا سے گھنگریالا پن بھی دیتا ہے، اس مشروب میں ہائیڈروجن کی کم سطح ایسڈ الکلائن کے توازن کو معمول پر لاتی ہے جو کہ خشک اور بے جان بالوں کے شکار افراد کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، اپنے بالوں کو مشروب سے گیلا کریں اور پانچ سے دس منٹ بعد شیمپو سے دھو لیں۔

بالوں کو بلیچ کرنا

آپ بالوں کو کوکا کولا سے دھو کر انہیں بلیچ بھی کرسکتے ہیں، جس کی وجہ اس مشروب میں سٹرک ایسڈ اور دیگر چیزوں کی موجودگی ہے۔

کیڑوں کو دور بھگائیں

بھارت میں تو کسان اپنی فصلوں کو کیڑوں سے بچانے کے لیے کوکا کولا کا اسپرے کرتے رہے ہیں، درحقیقت اس میں کیمیکلز تو نہیں ہوتے مگر اس میں مٹھاس بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ سرخ چیونٹیوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے جو کیڑوں کی بدترین دشمن ہیں۔ تو اپنے باغات کو بچانے کے لیے آپ کوکا کولا کا استعمال کرسکتے ہیں۔

درد میں کمی

اگر کسی کیڑے نے آپ کو کاٹ لیا ہے تو روئی کے پیڈ کو کوکا کولا میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر رکھ دیں، خارش اور جلن میں نمایاں کمی آجائے گی جس کی ممکنہ وجہ مشروب میں کیفین کی موجود ہے۔

برتنوں کو چمکائیں

اس مشروب میں موجود ایسڈز اور کیفین جمی ہوئی چربی کو گھلانے کے لیے بہترین ہے اور یہی وجہ ہے اسے برتنوں کو دھونے اور کچن کے کاﺅنٹر کی صفائی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بس برتنوں میں کوکا کولا ڈال کر کچھ گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں اور پھر معمول کی طرح دھولیں۔

یہ بھی پڑھیں : کیا کولڈ ڈرنکس شوگر کا خطرہ بڑھاتی ہیں؟

گاڑی کی بیٹری کے ٹرمینل کی صفائی

جی ہاں واقعی کولڈ ڈرنکس کی تیزابی خصوصیات گاڑی کی بیٹری پر لگ جانے والے زنگ کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ لگ بھگ تمام کاربونیٹ کولڈ ڈرنکس میں کاربونک ایسڈ شامل ہوتا ہے جو داغ دھبوں کو ہٹانے اور زنگ کو ختم کرنے کے حوالے سے مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس مشروب کی تھوڑی سے مقدار بیٹری کے ٹرمینلز پر انڈیلیں اور کچھ دیر بیٹھ کر انتظار کریں، جس کے بعد زنگ شدہ حصوں کو گیلے اسفنج سے صاف کردیں، بیٹری چمکنے لگے گی۔

زنگ شدہ نٹ بولٹ کو نکالنا

زنگ لگے نٹ بولٹ کو کسی چیز سے نکالنا کوئی آسان کام نہیں اور اگر آپ یہ جدوجہد کررہے ہیں تو رک جائیں، کولڈ ڈرنکس اس طرح کے زنگ شدہ نٹ بولٹ کو ڈھیلا کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ ایک کپڑے مشروب میں ڈبو کر رکھیں اور پھر اسے نکال کر زنگ لگے نٹ بولٹ پر کچھ منٹ پر ڈال دیں، اس کے بعد وہ آسانی سے کھل جائے گا۔

کٹے ہوئے پھولوں کو دیر تک تازہ رکھنا

کولڈ ڈرنک پیتے ہوئے اس کے بچے ہوئے قطروں کو پھینکنے کی بجائے اس کی چوتھائی کپ کے برابر مقدار گلدان کے پانی میں ڈال دیں۔ ان مشروبات میں شامل چینی گلدان میں لگے پھولوں کی چمک دمک کو دیر تک برقرار رکھے گی۔ اگر آپ کا گلدان بالکل شفاف یعنی کرسٹل کا ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ اس کا پانی کولڈ ڈرنک ڈالنے کے بعد میں صاف ہی نظر آئے تو سفید کولڈ ڈرنک کو استعمال کریں۔

ٹوائلٹ کی صفائی

کولڈ ڈرنک کا ایک کین بھی غلیظ ترین ٹوائلٹ کی صفائی کے لیے کافی ہے، بس اسے ٹوائلٹ پر انڈیل دیں اور ایک گھنٹے تک انتظار کریں اور اس کے بعد اس جگہ کو رگڑ کر پانی سے صاف کرلیں، ٹوائلٹ کی چمک دمک دیکھ کر آپ واقعی حیران رہ جائیں گے کیونکہ یہ مشروبات اس معاملے میں عام سلوشن سے زیادہ بہتر صفائی فراہم کرتے ہیں۔

نکاسی آب کے پائپس کی صفائی

نکاسی آب کے پائپ میں کچرا پھنس جانے سے اس میں پانی کھڑا ہونے لگتا ہے اور اگر اس وقت آپ کو کوئی حل سمجھ نہیں آرہا تو اس کا آسان حل کولڈ ڈرنک کی شکل میں موجود ہے۔ بس دو لیٹر بوتل کو نکاسی آب کے پائپ میں انڈیل دے پھر اس میں پھنس جانے والا کچرا نرم ہوکر خود بخود بہہ کر پانی کا راستہ صاف کردے گا۔

بالوں سے چیونگم نکالنا

ویسے تو ایسا بہت کم ہی ہوتا ہے خاص طور پر بالغ افراد کو تو اس کا تجربہ نہیں ہوتا مگر بچے خاص طور پر شرارتی بچے اپنے بالوں میں چیونگم پھنسالیتے ہیں یا کوئی اور ان کے بالوں میں ڈال دیتا ہے۔ تو اس صورت میں بال کاٹنے کی بجائے بالوں کے چیونگم والے حصے کو کولڈ ڈرنک سے بھرے کسی برتن میں کچھ منٹ تک ڈبوئے رکھیں اور پھر اسے دھولیں چیونگم بھی غائب ہوجائے گی۔

روسٹ کو رس دار بنائیں

اگر تو آپ چکن روسٹ کو رس بھرا بنانا چاہتے ہیں تو کولا کا ایک کین روسٹ بنانے کی روایتی ترکیب کے ساتھ انڈیل دیں اور پھر اسے معمول کے مطابق پکالیں جب آپ کھائیں گے تو اس کا ذائقہ آپ کو انگلیاں چاٹنے پر بھی مجبور کرسکتا ہے۔

سکوں کی صفائی

گندے سکے اپنی جیب میں رکھنا کس کو پسند ہوگا؟ اگر تو آپ سکے جمع کرنے کے شوقین ہیں یا ویسے ہی ان کو جگمگانا چاہتے ہیں تو کولا کو استعمال کریں۔ کسی چھوٹے برتن میں سکے ڈال کر انہیں کولا مشروب میں ڈبو دیں، کچھ دیر بعد انہیں پانی سے دھو کر یا ویسے ہی کپڑے سے صاف کرلیں وہ بالکل نئے کی طرح چمکنے لگیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں