ملائیشیا میں تھائی پوزم کا منفرد تہوار
ملائیشیا میں مقیم ہندو برادری کے افراد سالانہ تھائی پوزم تہوار کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اس تہوار کے دوران زرد رنگ کے لباس میں ملبوس خواتین اور دلیرانہ کرتب دکھاتے مردوں کے ساتھ ساتھ رنگ اور روشنیاں ملائیشیا کی سڑکوں پر بکھری نظر آتی ہیں۔
'تھائی پوزم' دراصل دو الفاظ کا مجموعہ ہے، 'تھائی' سال کے ایک مخصوص مہینے کا نام ہے جبکہ 'پوزم' کے معنی ستارے کے ہیں، تامل ہندو عقیدے کے مطابق یہ ستارہ اس تہوار کے دوران سب سے زیادہ روشن ہوتا ہے۔
دیوتا موروگن اور دیوی پاروتی کی یاد میں منائے جانے والے اس تہوار میں ہندو مت کے ماننے والے ہزاروں افراد نے کوالالمپور کے مضافاتی علاقوں میں واقع بتو غاروں کا رخ کیا۔
کوالالمپور سے دودھ کے پیالوں اور کھوپرے کے ہمراہ 272 قدم کا فاصلہ ننگے پیر چلنے کے بعد آنے والا مقام، ملائیشیا میں مقیم تامل ہندو افراد کا اہم مذہبی مقام ہے، اس مقام تک پہنچنے کے دوران یہ افراد مختلف دھاتی اشیاء کو اپنے جسم سے لٹکائے عقیدت سے چلتے جاتے ہیں۔
عقیدت کے ساتھ ساتھ جسمانی سختی کا مظاہرہ بھی ان جلوسوں کی نشانی ہے۔