ویسٹ انڈین آل راؤنڈر مارلن سیمیولز پر غیرقانونی باؤلنگ ایکشن کے سبب لگی 12 ماہ کی پابندی کا خاتمہ ہو گیا ہے اور انہیں باؤلنگ کیلئے کلیئر کردیا گیا ہے۔

36 سالہ آف اسپنر کا ایکشن سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد ان پر دسمبر 2015 میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔

سیمیول نے اپنے ایکشن پر ازسرنو کام کیا اور ان کے نئے ایکشن کو لف بورو یونیورسٹی نے چیک کیا جہاں 15 ڈگری کی حدود میں ہونے کی وجہ سے ان کے ایکشن کو کلیئر کرتے ہوئے باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی۔

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر اب تک ٹیسٹ میچوں میں 41، ون ڈے میں 85 اور ٹی20 میں 19 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

ان پر پہلی مرتبہ پابندی 2008 میں لگی تھی جس کے بعد 2011 میں کلیئر ہونے تک انہوں نے بلے باز کی حیثیت سے کھیل جاری رکھا۔

2013 میں ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران تیز گیندیں کرنے پر ان کی باؤلنگ پر پھر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

یاد رہے کہ مارلن سیمیولز اس وقت پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان پر پابندی کا خاتمہ پشاور زلمیکیلئے نیک شگون ثابت ہو سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں