فلم 'پرواز ہے جنون' : شاز خان پائلٹ کا کردار کریں گے

25 فروری 2017
پاکستانی اداکار شاز خان فلم 'مور'میں بھی اہم کردار ادا کرچکے ہیں — فوٹو/ فائل
پاکستانی اداکار شاز خان فلم 'مور'میں بھی اہم کردار ادا کرچکے ہیں — فوٹو/ فائل

پاکستانی اداکار شازخان بھی اداکار حمزہ علی عباسی کی فلم 'پرواز ہے جنون' کی ٹیم کا حصہ بن گئے۔

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ وہ اس فلم میں ایک پائلٹ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے شاز خان نے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے بہت کچھ بتایا۔

شاز خان کا کہنا تھا کہ 'میں فلم میں ایف16 طیارہ اڑانے والا پائلٹ بنا ہوں، جو حمزہ علی عباسی کے کردار کا بہترین دوست بھی ہے'۔

مزید پڑھیں: ہانیہ عامر، حمزہ عباسی کے ساتھ فلم میں کاسٹ

اس کردار کا انتخاب کرنے کے حوالے سے اداکار نے مزید کہا کہ میرے نانا بھی اس فیلڈ سے تعلق رکھتے تھے، بلکہ میرے ماموں بھی ایئر کموڈور ہیں، اور ان کو اپنے وقت کا بہترین ایف-16 پائلٹ مانا جاتا ہے، اس لیے میں نے اس کردار کا انتخاب کیا۔

شاز کے مطابق یہ ان کے خون میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ شاز خان نے پاکستان کی حال ہی میں ریلیز فلم 'دوبارہ پھر سے' میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے فلم 'پرواز ہے جنون' کے حوالے سے کہا کہ مداحوں کو اسے دیکھ کر بےحد مزہ آئے گا۔

شاز خان کے مطابق میں امید رکھنے سے زیادہ اپنے کام پر توجہ دیتا ہوں، اس فلم کا خیال کافی انوکھا ہے، جبکہ اس کی کہانی ڈرامائی ہونے کے ساتھ ساتھ مزاحیہ بھی ہے، اس فلم سے ہم پاکستانی سینما کو اور آگے لے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان خالد بٹ 'پرواز ہے جنون' سے باہر

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے لیے فلم کی سب سے بہترین بات طیارہ اڑانا ہے، انہیں اس کام میں بےحد مزہ آئے گا۔

پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

فلم 'پرواز ہے جنون' رواں سال ریلیز ہوگی، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں