لاہور: صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے لاہور میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے صوبے بھر میں ملٹری آپریشنز کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

تاہم پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا۔

اجلاس میں لاہور سمیت صوبے بھر میں آپریشن 'ردالفساد' کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے ساتھ ساتھ رینجرز، انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز کا دائرہ کار بھی مزید وسیع کرنے کا فیصلہ گیا۔

اجلاس کی سربراہی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کی جس میں انسداد دہشت گردی کے لیے اقدامات اورآپریشن ردالفساد سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیرانسداد دہشتگردی ایوب گادھی، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہورصادق علی، ڈی جی رینجرز پنجاب اظہر نوید حیات، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس میں رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز کا دائرہ کار وسیع کرنے اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کمین گاہوں سے نکال کر عبرت کا نشان بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں دیگر صوبوں کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بنانے کیلئے مل کام کرنے کی ضرورت پر زور بھی دیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دشمن جو ناپاک سازش کر رہا ہے، اسے اجتماعی کاوشوں سے ناکام بنائیں گے، دہشت گردوں اور ان کے معاونت کاروں کا ٹھکانہ جہنم ہے، انہیں دنیا و آخرت میں عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔

یہ توقع کی جارہی تھی کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے آسکے گا تاہم اس حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

بعد ازاں اپنے بیان میں وزیراطلاعات پنجاب مجتبیٰ شجاع نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے فیصلہ 2 روز میں ہوجائے گا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اجلاس شروع ہونے سے قبل ڈی جی رینجرز پنجاب اور کو کمانڈر لاہور جنرل صادق علی نے وزیر اعلیٰ شہباز سے ملاقات کی، جس دوران پی ایس ایل کے فائنل، صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور رینجرز آپریشن سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل: پنجاب حکومت حتمی فیصلہ نہ کرسکی

یاد رہے کہ پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کیا تھا تاہم 13 فروری کو لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں سینئر پولیس افسران سمیت 13 افراد کی ہلاکت کے بعد یہاں فائنل کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔

لاہور دھماکے کے بعد پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے نجی ٹی وی جیو کے پروگرام’ آپس کی بات‘ میں عوام سے رائے مانگ لی ہے کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے منع کرتے ہیں تو ایسی صورت حال میں کیا ان کے بغیر اپنے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل کھیلا جائے یا پھر دبئی میں ہی اس کا انعقاد کیا جائے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر ہونے والے دھماکے کے بعد صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا تھا لاہور میں خودکش دھماکا پاکستان سپر لیگ کا فائنل سبوتاژ کرنے کی سازش ہوسکتا ہے۔

لاہور کے بعد صوبہ سندھ کے شہر سیہون میں بھی دھماکہ ہوا، جس میں 90 افراد ہلاک جب کہ 340 زخمی ہوگئے، ملک میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کے بعد حکومت اور پی ایس ایل انتظامیہ نے تاحال فائنل لاہور سے منتقل کرنے یا لاہور میں کرانے سے متعلق کوئی نیا بیان نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: 'پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو یا نہیں عوام بتائیں'

اس سے قبل پنجاب اپیکس کمیٹی کے 19 فروری کو ہونے والے اجلاس میں رینجرز کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ تو کیا گیا تھا۔تاہم اس میں پی ایس ایل کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔

لاہور میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث پی ایس ایل کے فائنل کے حوالے سے متواتر مختلف خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، تاہم آرمی چیف کی جانب سے بھر پور سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی۔


تبصرے (0) بند ہیں

KHAN Feb 26, 2017 06:09pm
وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرایا جائے۔ شکریہ