کرن جوہر کا مشورہ، کنگنا رناوٹ کا کرارا جواب

09 مارچ 2017
کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر کے شو کافی ود کرن کے سیزن 5 میں شرکت کی — ۔
کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر کے شو کافی ود کرن کے سیزن 5 میں شرکت کی — ۔

بولی وڈ میں دو اداکاراؤں کے درمیان جاری لڑائی تو عام سی بات ہے، لیکن اداکارہ کنگنا رناوٹ اور ہدایت کار کرن جوہر کے درمیان جاری جنگ نے سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی ہے۔

کچھ روز قبل کرن جوہر نے اداکارہ کنگنا رناوٹ کو مشورہ دیا تھا کہ اگر انہیں بولی وڈ میں اتنے مسائل کا سامنا ہے تو بہتر ہیں وہ اسے چھوڑ کر چلی جائیں۔

کرن جوہر نے کہا تھا کہ 'جب کنگنا نے مجھ پر اقرباء پروری کا الزام لگایا تو اب میں ان سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے خوشی ہے کہ وہ جانتی ہیں اس کا مطلب کیا ہے، اقرباء پروری ہوتا کیا ہے؟ کیا میں اپنے بھانجوں بھتیجوں، بیٹیوں، بیٹوں کو بولی وڈ میں پروموٹ کررہا ہوں؟ اور ان 15 ہدایت کاروں کا کیا جن کا بولی وڈ سے کوئی تعلق نہیں لیکن میری وجہ سے وہ انڈسٹری میں کافی آگے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ 'میں تھک چکا ہوں کنگنا کے ہر وقت عورت ہونے کی حیثیت سے خود کو مظلوم ثابت کرنے پر، آپ ہر وقت خود کو مظلوم ثابت نہیں کرسکتے، ہر وقت ایک دکھی کہانی نہیں سنا سکتے، اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو اسے چھوڑ دیں'۔

مزید پڑھیں: 'اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو چھوڑ دیں'

اور اب ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر کے اس بیان پر کرارا جواب دے ڈالا۔

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ 'میں نہیں کہہ سکتی کہ کرن جوہر اقرباء پروری کے بارے میں کتنا جانتے ہیں، اگر ان کا ایسا مانا ہے کہ صرف بیٹوں، بیٹیوں، بھانجوں کو کام دینا اقرباء پروری ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتی، لیکن ایسا کہنا کہ وہ مجھے کام نہیں دینا چاہتے یہ ایک فنکار کا مذاق اڑانا ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کرن جوہر کی یاداشت کافی خراب ہے، کیوں کہ میں ان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم انگلی میں کام کرچکی ہوں، اور اس ہی وقت ہمیں اندازہ ہوگیا تھا کہ شاید ہم ایک ساتھ کام نہیں کرپائیں گے'۔

کنگنا نے مزید کہا کہ 'مجھے یہ بھی نہیں سمجھ آرہا کہ اپنی بات بولنے کے لیے کرن جوہر نے مجھے پلیٹ فارم کیسے دیا، میں اس سے قبل کئی ایسے پلیٹ فارمز پر بات کر چکی ہوں جہاں کئی بین الاقوامی ستارے میرے ساتھ موجود تھے، اگر انہوں نے ایسا کہا کہ انہوں نے مجھے بات کرنے کا موقع دیا تو یہ ایک فنکار کی بےعزتی ہے، اور خیال رہے کہ میں کرن جوہر کے پانچویں سیزن میں شریک ہوئی، ان کی ٹیم میری ٹیم سے کئی ماہ سے درخواست کررہی تھی کہ میں اپنی تاریخ دوں'۔

کنگنا کا کہنا تھا کہ 'لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ کرن جوہر ایک عورت کو عورت ہونے کی وجہ سے شرمندہ کررہے ہیں، یہ وومن کارڈ اور وکٹم کارڈ کیا ہوتا ہے؟ اس طرح کی بات سے وہ تمام خواتین کو ذلیل کررہے ہیں، خاص کر ان خواتین کو جنہیں اپنی زندگی میں کئی خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وومن کارڈ کسی حاملہ خاتون کی مدد کرسکتا ہے، یہ اس وقت مدد کرسکتا ہے جب کسی خاتون کو کوئی خطرہ یا ڈر ہو، اور ایسے ہی وکٹم کارڈ (مظلوم) میری بہن رنگولی جیسی خواتین کے لیے ہے جو تیزاب گردی کا شکار ہیں اور اپنے حق کے لیے عدالتوں میں کھڑی ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ نے لگایا کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں ہر طرح کا کارڈ استعمال کرسکتی ہوں، میرے کام کے دوران بدمعاشی کا کارڈ استعمال کرتی ہوں، اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ میں پیار کا کارڈ، دنیا سے لڑنے کے وقت اپنے وقار کا کارڈ، کسی بس میں جگہ لینے کے لیے میں خواتین ہونے کا کارڈ استعمال کرتی ہوں، جو سب سے اہم بات ہے وہ یہ ہے کہ میں کسی شخص سے نہیں لڑ رہی، میں اس قسم کی سوچ سے لڑ رہی ہوں، میں کرن جوہر سے نہیں لڑ رہی، میں مردوں کی غیر معقول سوچ کے خلاف ہوں'۔

کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ 'انڈین فلم انڈسٹری یک چھوٹا فلم سٹوڈیو نہیں جو کرن جوہر کو ان کے والد نے ورثے میں دیا، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا تعلق ہر ہندوستانی سے ہے اور اس میں باہر سے آنے والے فنکاروں کی بہت جگہ ہے جیسے میں، جس کے والدین کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ مجھے فارمل ٹریننگ دے سکتے، میں نے اپنا کام سیکھا ہے اور اس کا معاوضہ لیتی ہوں، کرن جوہر کوئی نہیں ہوتے مجھے کہنے والے کہ میں انڈسٹری کو چھوڑ دوں، میں کہیں بھی نہیں جانے والی'۔

خیال رہے کہ اس بحث کا آغاز کنگنا رناوٹ کے کافی ود کرن کی ایک قسط میں شریک ہونے کے بعد ہوا تھا جب انہوں نے کرن جوہر پر اقرباء پروری کے ساتھ ساتھ کئی الزامات لگائے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں