'جس پر حملہ کریں گے وہ کیا آپ کو شاخِ زیتون پیش کرے گا؟'
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کے درمیان گذشتہ روز پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے جھگڑے کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ بار بار ایسے واقعات کے رونما ہونے کے پیچھے عمران خان کے طرز تکلم کا قصور ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 'عمران خان نے پاکستان میں کسی کو معاف نہیں کیا، وہ جہاں اپنی مرضی کے خلاف کام ہوتا دیکھتے ہیں اسے دنیا کا سب سے برا آدمی قرار دے کر گالیاں دینا شروع کردیتے ہیں'۔
مراد سعید کو پی ٹی آئی کا 'نوخیز ایم این اے' قرار دیتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ 'یہ سب پر حملہ کرتے ہیں، جو عمران خان کی تربیت کا نتیجہ ہے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عمران خان اپنی زبان ٹھیک نہیں کرتے'۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے آصف زرداری، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سب ان کے سیاسی مخالفین ہیں لیکن کوئی بھی ایسی زبان استعمال نہیں کرتا جیسی عمران خان کرتے ہیں۔
تصادم کے بعد لیگی رہنما جاوید لطیف کے متنازع بیان پر بات کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 'جس پر حملہ کریں گے وہ کیا آپ کو شاخ زیتون پیش کرے گا؟'
انہوں نے مزید کہا کہ جاوید لطیف تسلیم کرچکے ہیں کہ انہوں نے جو کہا وہ نہیں کہنا چاہیئے تھا۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف نے پارلیمنٹ میں جو بات کی وہ ان کا بنیادی آئینی حق ہے جبکہ اس پر انہیں گریبان سے پکڑنا یا حملہ کرنا درست نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنوں کو جاوید لطیف کے سوشل بائیکاٹ کی ہدایت
تاہم سعد رفیق نے امید ظاہر کی کہ معاملہ افہام و تفہیم سے جلد ہوجائے گا اور اسپیکر قومی اسمبلی کی قائم کردہ کمیٹی عنقریب نتیجے پر پہنچے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ایوان میں ہونے والے تصادم کے بعد جاوید لطیف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد سعید کے اہل خانہ کے حوالے سے غلط الفاظ کا استعمال کیا تھا، جس پر تحریک انصاف کا شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو جاوید لطیف کا سوشل بائیکاٹ کرنے کی ہدایت کردی تھی۔
سعد رفیق کے مطابق، 'یہ درست ہے کہ کسی کو غدار نہیں کہنا چاہیئے تاہم عمران خان جب چاہیں مودی کا یار بنادیں، وہ کوئی مسئلہ نہیں'۔
قومی مفاد کے معاملات پر پی ٹی آئی اقدامات سے پہنچنے والے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ آٹھ، نو ماہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔
انہوں نے پی ٹی وی پر حملے، ترک صدر کی آمد پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ سمیت کشمیر پر ہونے والے اجلاس میں عدم شرکت پر بھی عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سعد رفیق نے عمران خان پر پاناما کیس کو سیاسی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حوالے سے جاری کیے گئے ان کے بیانات کو بھی دہشت گردوں کے نقطہ نظر کو تقویت دینے کے مترادف قرار دیا۔
'مانتا ہوں یہ بات نہیں کہنی چاہیئے تھی'
سعد رفیق سے قبل لیگی رہنما جاوید لطیف نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ 'کل غصے میں میرے منہ سے دو لفظ غلط نکل گئے، لیکن میں مانتا ہوں کہ مجھے یہ بات نہیں کہنی چاہیئے تھی'
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ وہ کل بھی مراد سعید کو معاف کرچکے ہیں جبکہ امید ہے فاٹا اور جماعت اسلامی کے ارکان پر مشتمل کمیٹی جلد معاملہ حل کردے گی۔
مراد سعید کے مشتعل انداز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ 'کیا عمران خان ارکان اسمبلی کو توہین کی تربیت دیتے ہیں، بجائے مراد سعید کو سمجھانے کے کہا جارہا ہے کہ بہت اچھا کیا، اگر میں ہوتا تو مزید آگے جاتا'۔
انہوں نے کہا کہ 'اسمبلی کا ریکارڈ منگوا کر دیکھ لیا جائے، میں نے صرف یہ کہا تھا کہ عمران خان سول نافرمانی کی تحریک کی بات کرتے ہیں اور اداروں کی تذلیل کرتے ہیں، جب شیخ مجیب الرحمٰن اور الطاف حسین ایسا کرنے پر غدار ہیں تو عمران خان بھی غدار ہوئے'۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ 'عمران خان کے جو منہ میں آئے وہ کہہ دیتے ہیں کبھی پھٹیچر کبھی ریلو کٹا،ان کے بارے میں کوئی کچھ کہہ دے تو استحقاق مجروح ہونے کی باتیں کرتے ہیں'۔
عمران خان کا مراد سعید کا دفاع
اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان بھی اپنی جماعت کے رہنما مراد سعید کا دفاع کرتے نظر آئے اور لیگی رہنما جاوید لطیف پر مراد سعید کے خاندان کی خواتین کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 'مسلم لیگ (ن) نے ایک مرتبہ پھر چادر اور چار دیواری کے احترام سے 'جعلی' وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے خواتین سمیت مخالفین کے خاندان کے افراد کی توہین کی'۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ منافقت اور اخلاقیات کا جعلی حساس مسلم لیگ (ن) کی شناخت ہیں اور خواتین کے لیے ان کا عدم احترام پارلیمنٹ کے اندر اور باہر صاف دکھائی دے رہا ہے۔










لائیو ٹی وی