ریاستی انتخابات: 3 ریاستوں میں مودی کی پارٹی کو شکست

اپ ڈیٹ 11 مارچ 2017
واضح برتری کے بعد بی جے پی کارکنان نے جشن منانا شروع کردیا—فوٹو: اے ایف پی
واضح برتری کے بعد بی جے پی کارکنان نے جشن منانا شروع کردیا—فوٹو: اے ایف پی

لکھنؤ: بھارت کی 5 ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 2 جبکہ اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس 3 ریاستوں میں کامیاب رہی۔

ابتدائی نتائج کے مطابق کانگریس کو صرف پنجاب میں برتری حاصل تھی تاہم ووٹنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے نتائج کے مطابق کانگریس نے 3 ریاستوں میں بی جے پی کو شکست دی۔

بھارتی الیکشن کمیشن نے ریاست گووا، منی پور، پنجاب، اترپردیش اور اترکھنڈ میں ہونے والے ریاستی انتخابات کے نتائج جاری کردیے۔

نتائج کے مطابق گووا کی 40 نشستوں میں سے کانگریس نے سب سے زیادہ 17 نشستیں حاصل کیں جبکہ حکمراں بی جے پی 13 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی تاہم دونوں ہی جماعتیں سادہ اکثریت حاصل نہ کرسکیں۔

اسی طرح منی پور میں 60 میں سے 28 نشستیں کانگریس کے حصے میں آئیں جبکہ بی جے پی نے 21 سیٹوں پر کامیابی سمیٹی۔

پنجاب کی 117 نشستوں میں سے کانگریس نے 77 نشستیں حاصل کرکے اکثریت حاصل کی جبکہ بی جے پی صرف تین سیٹیں ہی حاصل کرسکی۔

اترپردیش اور اتر کھنڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے دیگر تمام جماعتوں کو بھاری شکست دی، اترپردیش کی 403 میں سے 312 نشستیں اور اترکھنڈ کی 70 میں سے 56 نشستیں بی جے پی کے کھاتے میں گئیں۔

ان دونوں ریاستوں میں بی جے پی نے سادہ اکثریت حاصل کی جبکہ اترپردیش میں بی جے پی کامیابی کو سیاسی تجزیہ کار اس بات کا اشارہ قرار دے رہے ہیں کہ نریندر مودی دوسری مدت کے لیے بھی بھارت کے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

ووٹنگ کے آغاز ہی سے ان ریاستوں میں سے سب سے اہم قرار دیئے جانے والے صوبے اتر پردیش میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت نے ریاستی حکمران جماعت سماج وادی پارٹی (ایس پی) پر واضح برتری حاصل کرلی تھی۔

انتخابی نتائج کے آغاز میں ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹ کے ذریعے حزب اختلاف کانگریس کے رہنما اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ ریٹارئرڈ کیپٹن امرندرا سنگھ کو کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

نریندر مودی نے کامیابی حاصل کرنے والے امرندار سنگھ کو ان کی سالگرہ پر بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صحت اور طویل زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


تبصرے (0) بند ہیں