کابل میں خود کش حملہ ناکام

کابل: افغان سیکیورٹی حکام نے کابل میں واقع خفیہ ادارے کے دفتر کے باہر ایک خود کش بمبار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ فوجی وردی میں ملبوس حملہ آور کو پیر کی صبح اس وقت گولی ماری گئی، جب وہ نیشنل ڈائرکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس)کی عمارت کی جانب بڑھ رہا تھا۔
یہ بات قابل غور ہے کہ کابل پر حملوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور حالیہ کچھ ہفتوں میں طالبان کے خود کش حملہ آوروں نے صدارتی محل، سپریم کورٹ، ہوائی اڈے اور ایک عالمی امدادی گروپ کو ہدف بنایا ہے۔
این ڈی ایس نے اپنے ایک جاری بیان میں حملہ آور کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ”اس خود کش حملہ آور کی ہلاکت سے دہشت گردی کا ایک خونی حملہ روک دیا گیا ہے۔“
یہ واقعہ افغان دارالحکومت کے انتہائی حساس علاقوں میں سے ایک میں پیش آیا ہے۔ یہاں این ڈی ایس کے علاوہ، وزارت داخلہ اور یورپیئن یونین مشن کی عمارتیں بھی موجود ہیں۔