سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے امریکا روانہ ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق سعودی شاہ سلمان کے بیٹے نائب ولی عہدہ شہزادہ محمد بن سلمان کی یہ ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی ملاقات ہوگی۔

سعودی پریس ایجنسی نے سعودی رائل کورٹ کے حوالے سے بتایا کہ نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مذاکرات کے لیے واشنگٹن روانہ ہوچکے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقات میں سعودی نائب ولی عہد باہمی تعلقات، خطے کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر ٹرمپ اور دیگر امریکی حکام سے تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی فرمانروا کا انڈونیشیاءمیں 1500 رکنی وفد کے ساتھ دورہ

بیان میں کہا گیا کہ سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ امریکا جمعرات سے شروع ہوگا تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب کے وزیر دفاع بھی ہیں اور وہ مملکت میں جاری معاشی اصلاحات میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

دوسری جانب سعودی شاہ سلمان بھی ایشیا کے طویل دورے پر ہیں اور ان دونوں وہ جاپان میں موجود ہیں جہاں انہوں نے جاپان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: نئے سعودی شاہ سے اوباما کی ملاقات، داعش کے خطرےپر تبادلہ خیال

خیال رہے کہ سعودی عرب دنیا کا سب سے بڑا تیل کا برآمد کنندہ ملک ہے تاہم گزشتہ مہینوں کے دوران تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کی وجہ سے اب سعودی عرب اپنی معیشت کا انحصار تیل پر کم سے کم کرنے کی کوششوں میں ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق امریکا روانگی سے قبل سعودی نائب ولی عہدہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سٹی گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیکل کورباٹ سے بھی ملاقات کی اور ان سے سعودی عرب اور دنیا بھر میں سرمایہ کاری کے موقعوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں