'پدماوتی' کے خلاف مظاہروں پر بھنسالی رنجیدہ

27 مارچ 2017
بولی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی — فوٹو/ فائل
بولی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی — فوٹو/ فائل

بولی وڈ کے کامیاب ہدایت کار اور پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم 'پدماوتی' کی شوٹنگ فی الوقت جاری ہے، جسے آئے دن کسی نہ کسی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فلم 'پدماوتی'، جس کی کہانی چتور کی رانی 'پدمنی' کی زندگی پر مبنی ہے، کے خلاف ہندو انتہا پسند جماعتیں مظاہرہ کررہی ہیں، جن کا ماننا ہے کہ فلم میں ان کی رانی کی شخصیت کو غلط انداز میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں جے پور میں جاری فلم کی شوٹنگ کے دوران انتہا پسند جماعت راجپوت کرنی سینا نے فلم کے سیٹ پر حملہ کیا تھا، جبکہ مشتعل افراد نے سنجے لیلا بھنسالی کو تھپڑ مارنے کے ساتھ ساتھ ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیئے تھے۔

مزید پڑھیں: 'پدماوتی' کی شوٹنگ، سنجے لیلا بھنسالی پر حملہ

جس کے بعد آخر کار سنجے لیلا بھنسالی نے فلم کے خلاف جاری مظاہروں پر اپنا بیان جاری کردیا۔

بمبئی ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ان کی فلم کے حوالے سے بہت سے غلط اندازے لگائے جارہے ہیں اور کافی غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کے مطابق فلم 'پدماوتی' راجپوتوں کی رانی اور ان کی عزت اور وقار پر کی گئی لڑائی کی کہانی ہے، یہ ایک ایسی فلم ہے جس پر ہر ہندوستانی کو فخر ہوگا۔

واضح رہے کہ فلم 'پدماوتی' رانی پدمنی (دپیکا پڈوکون)، ان کے شوہر راجہ راول رتن سنگھ (شاہد کپور) اور علاؤ الدین خلجی (رنویر سنگھ) کے گرد گھومتی ہے۔

قیاس آرائیاں تھیں کہ فلم میں رانی پدمنی اور علاؤ الدین خلجی کے درمیان نامناسب مناظر پیش کیے جائیں گے، جس کے باعث اس فلم کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: 'پدماوتی' کے سیٹ پر مزدور ہلاک

تاہم سنجے لیلا بھنسالی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اور ان کی ٹیم فلم کی اچھی طرح تحقیق کررہی ہے اور فلم میں رانی پدمنی اور علاؤ الدین خلجی کے درمیان کسی قسم کے نامناسب مناظر نہیں فلمائے گئے۔

اپنی فلم کے سیٹ ہر ہونے والی توڑ پھوڑ کے حوالے سے سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا تھا کہ 'فلم پدماوتی کے خلاف ہونے والے مظاہرے اور سیٹ پر کی جانے والی توڑ پھوڑ نے مجھے بہت دکھ پہنچایا، یہ تشدد بلا جواز ہے جسے قبول نہیں کیا جائے گا کیوں کہ یہ صرف افواہ اور الزامات پر مبنی ہیں نہ کہ دلائل پر، ایک فنکار ہونے کی حیثیت سے میں اظہار رائے کی آزادی پر بھروسہ رکھتا ہوں، لیکن ساتھ ساتھ مجھے اپنی ذمہ داری کا بھی احساس ہے، ہم کسی کمیونٹی کو دکھ نہیں پہنچانا چاہتے اور مجھے بھروسہ ہے کہ اس فلم پر لوگ فخر کریں گے'۔

سنجے لیلا بھنسالی نے مزید کہا کہ 'میں اور میری ٹیم چند راجپوت رہنماؤں سے بھی ملی، جنہوں نے ہمیں سپورٹ کرنے اور فلم کے مکمل ہونے تک تحفظ دینے کا وعدہ کیا ہے'۔

خیال رہے کہ فلم 'پدماوتی' رواں سال 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں