• KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 12°C
  • KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 12°C

غیر ملکیوں کو ویزے کا اجرا:’اب پاکستان بنانا ریپبلک نہیں رہا‘

شائع March 28, 2017
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں ویزوں کے اجرا کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تاہم پاکستان میں اب ایئر لائنوں کو مادر پادر آزادی حاصل نہیں اور ملک اب بنانا ری پبلک نہیں رہا۔

اسلام آباد میں چوہدری نثار نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’گزشتہ ادوار میں ایسے لوگ پکڑے گئے جن کے پاس ویزے نہیں تھے اور پھر ایسے افراد کو چھوڑ دیا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اسلام آباد، لاہور، گوادر اور دیگر علاقوں سے بغیر ویزا پاکستان آنے والے لوگ پکڑے گئے، پہلے لوگ ملی بھگت سے بغیر ویزے کے پاکستان میں داخل ہوجاتے تھے جبکہ گزشتہ دور میں ویزوں کے اجرا کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں، لیکن پاکستان میں اب ایئر لائنوں کو مادر پادر آزادی حاصل نہیں اور اب ملک بنانا ری پبلک نہیں رہا، جبکہ ہم ایسا نظام بنا رہے ہیں کہ جو بھی حکومت آئے ویزے کے معاملے میں ہیر پھیر نہ کرسکے۔‘

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ’اب کوئی بھی غلط یا جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستان نہیں آسکتا، ویزوں سے متعلق نوٹیفکیشن جب میرے علم میں آیا تو میں نے فوری منسوخ کیا، ویزے کے اختیار پر سفیر کو دیئے گئے اختیارات 2014 میں منسوخ کیے، جبکہ بغیر ویزا لوگوں کو پاکستان لانے والی ایئر لائنوں پر 9 کروڑ روپے جرمانہ کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ملک میں آن لائن ویزا کا نظام متعارف کرا رہے ہیں اور یہ آن لائن سسٹم جب آپریشنل ہوگا تو سب واضح ہوجائے گا۔‘

’گستاخانہ مواد پر 45 ویب سائٹس بلاک‘

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا پر توہین آمیر مواد کا سلسلہ کافی عرصے سے چل رہا ہے، اس مواد کو روکنا میری نہیں پی ٹی اے کی ذمہ داری تھی لیکن میں اس معاملے کو مذہبی فریضے کے طور پر دیکھ رہا ہوں، یہ صرف ہمارا نہیں پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے، تمام مسلم ممالک کے سفیروں میں اس مسئلے پر اتفاق رائے موجود تھا، جبکہ گستاخانہ مواد کے معاملے پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے عرب لیگ کو خط لکھ دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے معاملے پر پیش رفت ہورہی ہے، پہلے فیس بک والے جواب ہی نہیں دیتے تھے لیکن اب وہ اپنا نمائندہ بھیج رہے ہیں، جبکہ گزشتہ دو تین روز میں 45 ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا ہے۔‘

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر اقوام متحدہ کی سطح پر پیش رفت ہو، ملیحہ لودھی نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر پیش رفت ہوگی، جبکہ پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے اس حوالے سے ہمارے تحفظات امریکی حکومت تک پہنچائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اب اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں گے اور سوشل میڈیا کو پابند بنائیں گے کہ اسلام کے خلاف غلاظت نہ پھیلائیں، جبکہ فیس بک کی انتظامیہ نے بتایا کہ انہوں نے 62 صفحات بلاک کردیئے ہیں۔‘

تبصرے (1) بند ہیں

ahmak adami Mar 28, 2017 10:34pm
گزشتہ دور حکومت میں ویزوں کے اجرا کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تاہم پاکستان میں اب ایئر لائنوں کو مادر پادر آزادی حاصل نہیں اور ملک اب بنانا ری پبلک نہیں رہا۔why dont you go to the courts to get them punished?Are you in compliance with those people?whom do you fear?

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025