پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز کا ’اسپیکرز ڈیموکریسی ایوارڈ‘ حاصل کرلیا۔

ماروی میمن نے اس بات کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے ٹوئٹ کے ذریعے کیا اور ساتھ ہی پاکستان، مسلم لیگ (ن)، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خواتین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی حمایت حاصل ہے جس کے بغیر انکم سپورٹ پروگرام کو کامیاب بنانا ممکن نہیں تھا۔‘

ساتھ ہی انہوں نے ہاؤس آف کامنز میں انہیں ایوارڈ دیئے جانے کے اعلان کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

’اسپیکرز ڈیموکریسی ایوارڈ‘ بین الاقوامی سطح پر اہمیت کا حامل ایوارڈ ہے، جس کا مقصد ان افراد کی پذیرائی کرنا ہے جنہوں نے اپنی قیادت اور ذاتی لگن سے دنیا بھر میں جمہوری معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہو۔

ایوارڈ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنے پارلیمانی ساتھیوں کی جانب سے ایوارڈ کے لیے کئی نامزدگیاں موصول ہوئیں لیکن ماروی میمن کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی اور ججز کا پینل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے آپ کی خدمات سے بے انتہا متاثر ہوا۔‘

تبصرے (0) بند ہیں