'ماتر' کا ٹریلر،روینا کی بہترین انداز میں واپسی

31 مارچ 2017
فلم میں روینا ٹنڈن اپنی بیٹی ٹیا کے ریپ کا بدلہ لیتی نظر آئیں گی — فوٹو/ فائل
فلم میں روینا ٹنڈن اپنی بیٹی ٹیا کے ریپ کا بدلہ لیتی نظر آئیں گی — فوٹو/ فائل

بولی وڈ کی معروف اداکارہ روینا ٹنڈن کی طویل عرصے بعد فلم 'ماتر' کے ساتھ واپسی مداحوں کے لیے خوش آئند ہے، اور اب اس فلم کا پہلا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا۔

فلم 'ماتر' یعنی ماں کے اس ٹریلر میں بھارتی عدلیہ کی خواتین کے خلاف جرائم میں انصاف کی فراہمی میں ناکامی کو پیش کیا گیا۔

ٹریلر کو دیکھ کر محسوس ہورہا ہے کہ اس فلم میں روینا ٹنڈن کا ایسا کردار دیکھنے کو ملے گا، جو شاید اس سے قبل کسی نے نہیں دیکھا۔

2 منٹ 42 سیکنڈ دورانیے کے ٹریلر میں ودیا (روینا ٹنڈن) اپنی بیٹی ٹیا کے ریپ کا بدلہ لیتی نظر آئیں، جب کہ اس سے قبل بھارتی عدلیہ انہیں انصاف دلانے میں ناکام ہوئی۔

مزید پڑھیں: روینا ٹنڈن کی سنجیدہ کردار کے ساتھ بولی وڈ میں واپسی

اس فلم میں ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کو پیش کیا گیا، جسے ریپ کیپیٹل بھی کہا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل فلم کا ٹیزر بھی ریلیز کردیا گیا تھا، جس میں ایک مقام پر 'لڑکے تو لڑکے ہوتے ہیں'، 'ہمیں اپنی خواتین کو جینز پہننے سے روکنا چاہیے'، '90 فیصد ریپ میں رضامندی شامل ہوتی ہے' جیسے جملوں کا بھی استعمال کیا گیا۔

روینا ٹنڈن کی فلم 'ماتر' کی ہدایات اشتر سعید دے رہے ہیں، یہ فلم رواں سال 21 اپریل کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 42 سالہ روینا ٹنڈن آخری مرتبہ 2015 میں ہدایت کار انوراگ کشیپ کی فلم 'بومبے ویلوٹ' میں ایک مختصر کردار میں نظر آئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں