جنسی حملے کی لائیو ویڈیو نشر کرنے پر15 سالہ لڑکا گرفتار
شکاگو: امریکی ریاست الینوائے میں پولیس نے ایک نوعمر لڑکی پر جنسی حملے کی لائیو ویڈیو نشر کرنے کے الزام میں ایک 14 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا۔
کم عمر ہونے کی وجہ سے گرفتار کیے گئے لڑکے اور متاثرہ لڑکی کا نام خفیہ رکھا گیا ہے۔
شکاگو کے رہائشی 14 سالہ لڑکے نے ایک 15 سالہ لڑکی پر جنسی حملے کی ویڈیو فیس بک پر لائیو نشر کی تھی، جسے تقریباً 40 افراد نے دیکھا، مگر کسی نے بھی پولیس کو شکایت نہیں کی۔
امریکی ویب سائٹ شکاگو ٹربیون کے مطابق پولیس نے جنسی حملے کی ویڈیو لائیو نشر کرنے والے لڑکے کو گرفتار کرکے اس کے خلاف نابالغ افراد کے قوانین کے مطابق الزامات عائد کردیئے۔
مذکورہ لڑکے پر جنسی حملے کی لائیو ویڈیو دکھانے، بچوں کی فحش وڈیوز بنانے اور انہیں عام کرنے جیسے سنگین جرائم کے الزامات لگائے گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی پر گرفتار لڑکے کے علاوہ بھی دیگر لڑکوں نے جنسی حملے کیے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ جنسی حملے کی لائیو ویڈیو کو قریباً 40 افراد نے دیکھا مگر افسوس کہ کسی نے بھی پولیس کو اطلاع نہیں کی۔
پولیس عہدیداروں نے لوگوں کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا معاشرہ نہ جانے کس طرف جا رہا ہے، کسی نے بھی فون اٹھا کر 911 پر فون کرنے کی زحمت نہیں کی۔
ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس کیس میں ایک اور لڑکے کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، مگر تاحال اس پر الزامات عائد نہیں کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سوئیڈن: 'گینگ ریپ' کی لائیو ویڈیو دکھانے پر 3 افراد گرفتار
دوسری جانب متاثرہ لڑکی کو ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق لڑکی پر جنسی حملے کا واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا، تاہم پولیس نے لڑکے کو اب گرفتار کیا۔
پولیس نے لڑکی کے ایک رشتہ دار کی شکایت پر لڑکے کو گرفتار کیا، جب کہ رشتہ دار کو ویڈیو دیکھنے والے ایک نوجوان نے واقعے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق لڑکی گزشتہ ماہ 19 مارچ کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ قریبی چرچ گئی تھی، جس کے بعد اہل خانہ نے کسی کام سے جاتے وقت لڑکی کو گھر کے قریب چھوڑا تھا، مگر وہ لاپتہ ہوگئی تھی، جو کافی تلاش کے بعد 21 مارچ کو ملی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر سے لے کر اب تک شکاگو میں فیس بک پر پُرتشدد یا فحش وڈیوز لائیو دکھانے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔
شکاگو میں فیس بک پرآخری لائیو ویڈیو میں لوگوں کے ایک گروپ کی جانب سے ذہنی طور پر معذور شخص کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔