ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے ایک شہری زخمی
مظفر آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اُس وقت کشیدگی دیکھنے میں آئی جب بھارتی فورسز کی جانب سے مختلف سیکٹرز میں کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔
ایک پولیس عہدیدار کے مطابق صبح 9 بجے سے جاری گولہ باری کے نتیجے میں ضلع حویلی کے سیکٹر دیگوار میں محمد دین میر نامی شخص مارٹر شیل لگنے سے زخمی ہوا۔
انھوں نے بتایا کہ مذکورہ 60 سالہ شخص کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس عہدیدار کے مطابق 'بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل مارٹر گولے فائر اور شیلنگ کی جارہی ہے'۔
مزید پڑھیں: کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے 60 سالہ خاتون جاں بحق
پونچھ کے ڈپٹی کمشنر راجا طاہر ممتاز نے بتایا کہ صبح 9 بجے سے جاری بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ضلع پوچھ کا سیکٹر عباس پور اور گاؤں چڑی کوٹ، نکر کوٹ، کاکوٹا اور ڈھیروٹی پولاس بھی متاثر ہوئے۔
انھوں نے بتایا، 'بھارتی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے دونوں طرح کے ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں'۔
دوسری جانب عسکری ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا موثر جواب دیا گیا۔
پاک-بھارت کشیدگی
یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہندوستان کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غلطی سے سرحد پارکرنیوالی خاتون بھارتی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق
ہفتہ یکم اپریل کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شہری عتیق قریشی ولد خلیل قریشی زخمی ہوگیا، جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ مارچ میں بھی بھارت کی جانب سے ایل او سی کے متعدد سیکٹرز پر متعدد مرتبہ بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔
18 مارچ کو بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کہتیرا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔
12 مارچ کو بھی بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں گاوَں چفہ کا رہائشی 60 سالہ بزرگ اور ایک 15 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 9 مارچ کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون زخمی ہوئی تھیں۔










لائیو ٹی وی