یاماہا کی نئی 125 بائیک فروخت کے لیے پیش

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2017
دیہی علاقوں میں ان موٹر سائیکلوں کو زیادہ پذیرائی ملنے کی امید کی جا رہی ہے —  فوٹوبشکریہ/یاماہا موٹر کمپنی
دیہی علاقوں میں ان موٹر سائیکلوں کو زیادہ پذیرائی ملنے کی امید کی جا رہی ہے — فوٹوبشکریہ/یاماہا موٹر کمپنی

یاماہا موٹرز نے پاکستان میں 125cc سیریز کی نئی بائیک YB 125Z متعارف کروا دی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ یاماہا کی نئی بائیک کمپنی کی جانب سے پہلے متعارف کرائے گئے 2 ماڈلز سے زیادہ کامیاب ہوگی، نئی موٹر سائیکل کو دیہی علاقوں میں زیادہ پذیرائی ملنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ یاماہا اس سے پہلے وائی بی آر 125 اور وائی بی آر 125 جی کے ماڈلز پیش کر چکی ہے، جو کمپنی کی توقعات کے برعکس زیادہ پذیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

یاماہا موٹر کمپنی نے 125cc کی آخری بائیک 2015 میں متعارف کروائی تھی۔

نئی موٹر سائیکل متعارف کروانے کے لیے لاہور میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا،کمپنی نے دیہی علاقوں میں بائیک کی بڑھتی ہوئی مانگ کو نظر میں رکھ کر نئی بائیک متعارف کروائی۔

کمپنی کے مطابق اس سیریز کے پچھلے ماڈلز YBR125 اور YBR 125G توقعات کو اس طرح پورا نہ کر سکے، جس طرح امید کی جا رہی تھی،اور دونوں ماڈلز دیہی کے بجائے صرف شہری علاقوں تک محدود رہے۔

یاماہا کمپنی نے نئی بائیک کی قیمت کو کم کرتے ہوئے اس کی مالیت ایک لاکھ 15 ہزار 900 روپے مقرر کی، تاکہ یہ مارکیٹ میں دستیاب دوسرے برانڈز کی بائیکس کے ساتھ مقابلہ کرسکے۔

یاماہا کی نئی بائیک میں چند ایک خامیاں بھی ہیں، جن میں سے ایک ڈسک بریک کا نہ ہونا بھی شامل ہے، کیونکہ اب زیادہ تر بریک میں ڈیسک کو پسند کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ سالوں میں موٹر سائیکل کی فروخت میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اور گزشتہ سال ملک میں 20 لاکھ سے بھی زائد موٹر سائکلیں تیار کی گئیں۔

تیار کی گئی موٹر سائیکلوں میں 17 فیصد 125cc ماڈل کے یونٹس تھے، اور مجموعی طور پر 2016 میں 3 لاکھ 50 ہزار 125cc بائیکس تیار کی گئیں۔

مالی سال 2016 میں یاماہا ملک بھر میں ہرطرح کی 15 ہزار موٹر سائکلیں فروخت کرنے میں کامیاب ہوئی، تاہم کمپنی کا دعویٰ ہے کہ نئے ماڈل کو متعارف کرانے کے بعد یاماہا بائیکس کی فروخت میں اضافہ ہوگا۔

یاماہا کے مطابق کمپنی سالانہ ڈیڑھ لاکھ موٹر سائکلیں پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور آنے والے سال میں کمپنی زیادہ سے زیادہ معیاری ماڈلز کو متعارف کرواکے اپنی فروخت میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں