کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

عدالتی حکم کے مطابق بیرون ملک سفر کے لیے ڈاکٹر عاصم کو 20 لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے جبکہ وہ صرف دو ہفتوں کے لیے بیرون ملک جاسکیں گے۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دہشت گردوں کے علاج معالجے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ملزمان ڈاکٹر عاصم، انیس قائم خانی، قادر پٹیل ،سلیم شہزاد ،رؤف صدیقی اور عثمان معظم پیش ہوئے۔

دوران سماعت ڈاکٹر عاصم کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر دلائل دیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عاصم حسین 19 ماہ بعد رہا

واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے انہیں ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کے لیے بیرون ملک جانے کی تجویز دی ہے لہذا انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

اے ٹی سی نے 20 لاکھ روپے جمع کرانے کے عوض ڈاکٹر عاصم کو 2 ہفتوں کے لیے بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی۔

سفر کے لیے سندھ ہائیکورٹ کی اجازت درکار

دہشت گردوں کے علاج معالجہ کیس میں رہائی اور بیرون ملک سفر کی اجازت ملنے کے باوجود سابق مشیر پیٹرولیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سندھ ہائیکورٹ کی اجازت حاصل کیے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے۔

مزید پڑھیں: ای سی ایل سے نام خارج کروانے کیلئے ڈاکٹرعاصم کا عدالت سے رجوع

خیال رہے کہ 31 مارچ کو سندھ ہائی کورٹ نے کرپشن کے 2 مقدمات میں ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے تاہم ان کا نام تاحال ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل ہے۔

رواں ہفتے (12 اپریل) ڈاکٹر عاصم حسین اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کروانے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرچکے ہیں جس پر آئندہ ہفتے میں سماعت متوقع ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

ahmak adami Apr 15, 2017 03:53pm
just 2 million عدالتی حکم کے مطابق بیرون ملک سفر کے لیے ڈاکٹر عاصم کو 20 لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے جبکہ وہ صرف دو ہفتوں کے لیے بیرون ملک جاسکیں گے۔