اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پیر سے شروع ہونے والے سینیٹ کے اجلاس کی سربراہی پر آمادگی ظاہر کردی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے ہفتے کی شب چیئرمین سینیٹ رضا ربانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے اس بات کا اعلان کیا کہ رضا ربانی نے فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

ملاقات کے دوران اسحٰق ڈار نے رضا ربانی کو وزیراعظم نواز شریف کا پیغام پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: وزراء کی عدم موجودگی پر چیئرمین سینیٹ ناراض،استعفیٰ کی پیشکش

اس موقع پر اسحٰق ڈار نے چیئرمین سینیٹ کو اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ایوان کی کارروائیوں کے دوران وزراء کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ تمام وزراء کو سختی سے ہدایت کی جائے گی کہ وہ پارلیمانی امور کو ترجیح دیں جبکہ اس سلسلے میں اتوار کو ایک نوٹس بھی تمام وزراء کو بھیج دیا جائے گا۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ سینیٹ کا اجلاس پیر سے معمول کے مطابق شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ جمعے کو سینیٹ اجلاس میں آج اُس وقت کچھ عجیب صورتحال پیدا ہوگئی تھی جب وزراء کی عدم حاضری پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پہلے تو مستعفی ہونے کی پیشکش کی اور بعدازاں پروٹوکول کے بغیر گھر روانہ ہوگئے۔

مزید پڑھیں: رضا ربانی پاکستان کے 'مسٹر کلین'

سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن نے تو بائیکاٹ کیا ہی، لیکن چیئرمین سینیٹ رضا ربانی بھی حکومت پر برہم ہوگئے اور مستعفی ہونے کی پیشکش کردی تھی۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ حکومتی رویہ درست نہیں، جب تک سنجیدگی اختیار نہیں کی جائے گی معاملات آگے نہیں بڑھیں گے۔


تبصرے (0) بند ہیں