بھارت میں بس حادثہ، 44 افراد ہلاک

19 اپريل 2017
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

شمالی بھارت میں مسافر بس کے پہاڑی روڈ سے لڑکھڑا کر گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 44 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق 56 مسافروں کو لے کر جانے والی بس کے دریا کے ساتھ کھائی میں گرنے کا واقعہ شمالی ریاست ہماچل پردیش کے دارالحکومت شِملا سے تقریباً 115 کلومیٹر دور پیش آیا۔

شملا کے ڈسٹرکٹ کمشنر روہان چَند ٹھاکر نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ’ابتدائی رپورٹ کے مطابق نجی بس کے گھاٹی میں گرنے سے 44 افراد ہلاک ہوئے۔‘

انہوں نے کہا کہ واقعے کی پولیس کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچی، جبکہ ریسکیو ٹیمیں بھی وہاں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ٹرین حادثہ، ہلاکتیں 142 تک پہنچ گئیں

حادثے کی فوری طور پر وجہ معلوم نہیں ہوسکی جبکہ اس حوالے سے بھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ آیا حادثے میں کوئی مسافر زندہ بچا یا نہیں۔

بھارت میں دنیا کی کئی خطرناک سڑکوں میں سے متعدد موجود ہیں خراب سڑکوں کے باعث پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں ملک میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

رواں سال فروری میں شمال مشرقی بھارت کے پہاڑی علاقے میں کلیسا رؤں کو لے کر جانے ٹرک کے الٹنے سے 16 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

حادثے میں بچ جانے والوں کا کہنا تھا کہ ٹرک ڈرائیور بے دھیانی سے گاڑی چلا رہا تھا اور اس نے ناہموار علاقے میں ٹرک کا کنٹرول کھودیا۔

اس سے قبل جنوری میں شمالی بھارت میں اسکول بس کے ٹرک سے تصادم کے نتیجے میں متعدد بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں