سام سنگ گلیکسی ایس ایٹ کو اس وقت بہترین اینڈرائیڈ فون قرار دیا جارہا ہے تاہم چینی کمپنی شیاؤمی نے اسی جیسے فیچرز کی ڈیوائس متعارف کرائی جس کی قیمت بھی جنوبی کورین فون کے مقابلے میں لگ بھگ 50 فیصد کم ہے۔

بدھ کو بیجنگ میں ایک تقریب کے دوران شیاؤمی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون می سکس متعارف کرایا۔

5.15 انچ اسکرین کی ڈیوائس میں گلیکسی ایس ایٹ کی طرح اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر، سکس جی بی ریم، 64 جی بی اسٹوریج، 12 میگا پکسل کے دو بیک کیمرے، ڈوئل اسٹیریو اسپیکرز، 3350 ایم اے ایچ بیٹری اور واٹر ریزیزٹنس جیسے فیچرز موجود ہیں۔

اس کا کیمرہ اس لیے بھی قابل توجہ ہے کیونکہ کمپنی ک دعویٰ ہے کہ اس میں ٹیلی فوٹو لینس کے ساتھ وائیڈ اینگل لینس دیا گیا ہے جیسا آئی فون سیون پلس کے کیمرے میں ہے۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

فیچرز کے لحاظ سے یہ مارکیٹ میں دستیاب اتنی قیمت میں بہترین فون سمجھا جاسکتا ہے جو کہ گلیکسی ایس ایٹ کو سخت ٹکر دے سکتا ہے۔

تاہم یہ فیچرز کمپنی نے بتائے ہیں اور ان کی آزمائش تک حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا مگر یہ سوچا جاسکتا ہے کہ یہ سام سنگ کے فلیگ شپ فون جتنا بہتر ہوسکتا ہے۔

بس اس کا ڈیزائن ایس ایٹ جیسا خوبصورت نہیں جو کہ بیزل لیس فون ہے۔

تاہم اس فون میں 2x2 ڈوئل وائی فائی کا فیچر دیا گیا ہے، یہ ایسی ٹیکنالوجی ہے جو وائرلیس نیٹ ورکس پر کنکٹیویٹی اور رفتار کو بہتر بناتی ہے جبکہ اس میں رات کو بینائی کو بچانے کے لیے الٹرا ڈارک موڈ بھی دیا گیا ہے۔

اس کے سکس جی بی اور 64 جی بی اسٹوریج والے فون کی قیمت 363 ڈالرز (لگ بھگ 38 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ 128 اسٹوریج والا فون 421 ڈالرز (44 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہے اور اس کے مقابلے میں گلیکسی ایس ایٹ 87 ہزار روپے کا ہوگا یعنی یہ پچاس فیصد سستا ہے، جبکہ ہیواوے پی ٹین کی قیمت 696 ڈالرز ہے۔

شیاومی نے اس کا سرامکس ایڈیشن بھی متعارف کرایا ہے جس کی قیمت 436 ڈالرز (ساڑھے 45 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ اس فون کو کب تک پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں