اپریل 2022 کے مہینے کو یاد رکھ لیں کیونکہ اس وقت اسمارٹ فونز ختم ہوجائیں گے۔

یہ دعویٰ فیس بک کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال کے اندر اے آر ٹیکنالوجی پر مبنی گلاسز اسمارٹ فونز کی جگہ لے لیں گے اور روزمرہ کی کمپیوٹنگ ڈیوائس بن جائیں گے۔

فیس بک کی کمپنی اوکیولس ریسرچ کے چیف سائنسدان مائیکل ابریش نے یہ دعویٰ کیا جن کے زیرتحت ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹس اور اگومینٹڈ رئیلٹی گلاسز پر کام ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کی ٹیکنالوجی سے لیس یہ چشمے آج کل کے عام چشموں جیسے ہوں گے جن کا وزن کم ہوگا مگر وہ پہننے والے کی یاداشت کو بڑھانے، غیر ملکی زبانوں کا فوری ترجمہ، ارگرد ہونے والی بات چیت یا آوازوں کو کانوں میں جانے سے روکنے کے ساتھ ساتھ ایک نظر میں بچے کے جسمانی درجہ حرارت کے بارے میں بھی بتائیں گے۔

باالفاظ دیگر وہ سپر گلاسز ہوں گے جن کو پہننے کے بعد اسمارٹ فونز کی ضرورت نہیں رہے گی۔

واضح رہے کہ اپنی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران فیس بک نے ایسے اعلانات کیے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ ایسی ایپس اور ٹولز بنانا چاہتی ہے جنھیں استعمال کرنے کے بعد اسمارٹ فونز کی ضرورت باقی نہ رہے۔

مائیکل ابریش کے مطابق 2022 تک اسمارٹ فونز کے متبادل کے طور پر یہ گلاسز سامنے آئیں گے اور آج سے بیس سے تیس سال کے اندر ہماری پیشگوئی ہے کہ سب لوگ فونز کی جگہ یہ اسٹائلش چشمے پہننا پسند کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے اندر ہی یہ گلاسز ہر جگہ استعمال ہونے لگیں گے اور اسمارٹ فونز کا استعمال کم سے کم ہونا شروع ہوجائے گا۔

اگر آپ کی آنکھوں پر ایک کمپیوٹر ہوگا تو یہ صرف ٹی وی نہیں بلکہ اسمارٹ فونز، اسمارٹ واچز، ٹیبلیٹس، فٹنس ٹریکرز یا ایسی ہی دیگر ڈیوائسز کی ضرورت بھی ختم کردے گا۔

س سے قبل گزشتہ سال فیس بک کے میسجنگ پراڈکٹ کے نائب صدر ڈیوڈ مارکوس نے کہا ہے کہ میسنجر کی بڑھتی مقبولیت کے باعث اب فون نمبروں کے دن گنے جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا 'خود سوچیں ایس ایم ایس فلپ فونز میں کتنے عام تھے، مگر اب اپنے فونز پر اب میسجنگ اپلیکشنز کا استعمال کرتے ہیں اور ان کی مدد سے فون کالز اور تحریری پیغامات بھی کرلیتے ہیں'۔

ان کا ماننا ہے کہ پرانے موبائل فونز کا عہد ختم ہونے بعد زیادہ بہتر، پرتنوع کمیونیکشن کو فروغ ملا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میسنجر کے ذریعے ہم لوگوں کو ٹیکسٹ کی سہولت تو دے ہی رہے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ تصاویر، ویڈیوز، وائس کلپس، جی آئی ایف، آپ کی لوکیشن، اسٹیکرز وغیرہ کی پیشکش بھی کررہے ہیں اور لوگ اس سے رقوم بھی بھیج سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ ویڈیو اور وائس کالز کرنا بھی ممکن ہے اور اس کے لیے فون نمبر کی ضرورت نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں