’ الگ ہوکر مرنا نہیں چاہتیں‘

23 اپريل 2017
تصویر بشکریہ ہارٹ فورڈ کورنٹ
تصویر بشکریہ ہارٹ فورڈ کورنٹ

ہارٹ فورڈ: امریکی ریاست کنیکٹی کٹ میں رہنے والی میکسیکو کی جڑواں بہنوں نے سرجری کے ذریعے ایک دوسرے سے الگ ہوکر ممکنہ طور پر مرنے کے بجائے ایک ساتھ جڑے رہنے کو ترجیح دی۔

دونوں بہنوں کے جسم ایک دوسرے سےاس طرح جڑے ہوئے ہیں کہ اگر انہیں الگ کیا جائے تو ممکنہ طور پر دونوں کے ساتھ سخت اعصابی مسائل یا پھر موت واقع ہوسکتی ہے۔

کارمین اور لپیتا اینڈراڈی نامی 2 بہنوں کی عمر 16 برس ہے، مگر جب وہ پیدا ہوئیں تھیں تو ڈاکٹرز نے ان کے صرف 3 دن تک زندہ رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔

کارمین اور لپیتا کا جسم پیٹ اور کمر سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے، دونوں بہنوں کو چلنے کے لیے صرف 2 ٹانگیں ہیں، جب کہ انہیں ہاتھ علیحدہ علیحدہ ہیں۔

دونوں بہنوں کے ہاضمے کا نظام بھی علیحدہ ہے، مگر پھر بھی دونوں ایک ساتھ ایک دوسرے کا بوجھ برداشت کیے ہوئے ہیں۔

دونوں بہنیں اپنے والدین کے ساتھ علاج کے غرض سے میکسیکو سے امریکا منتقل ہوئیں، جہاں کئی ڈاکٹرز نے ان کا چیک اپ کیا۔

تصویر بشکریہ ہارٹ فورڈ کورنٹ
تصویر بشکریہ ہارٹ فورڈ کورنٹ

خبر رساں ادارے ہارٹ فورڈ کورنٹ کے مطابق ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے دونوں جڑواں بہنوں کا چیک اپ کرنے کے بعد انہیں الگ کرنے کے لیے ایک طویل اور خطرناک سرجری کا مشورہ دیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق دونوں بہنوں کو سرجری کے ذریعے الگ تو کیا جاسکتا ہے، مگر اس کی کامیابی کے امکانات کم ہیں، ناکامی کی صورت میں دونوں بہنوں کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد دونوں بہنوں نے الگ ہونے کے بجائے ایک ساتھ جینے اور رہنے کو ترجیح دیتے ہوئے کہا وہ’الگ ہوکر مرنا نہیں چاہتیں‘۔

ایک دوسرے سے جڑے رہنے کے باوجود حیران کن طور پر دونوں بہنوں کی شخصیت اور خیالات الگ الگ ہیں، جب کہ ان کے کچھ دوست بھی مختلف ہیں، مگر وہ جب بھی کسی سے ملتی ہیں تو مجبورا وہ ایک دوسرے کے ساتھ ہوتی ہیں۔

دونوں بہنوں کے دوستوں کے مطابق ایک دوسرے سے جڑے رہنے کے باوجود ان کے کچھ خیالات قدرے مختلف ہیں۔

دونوں بہنیں سخت مشکلات کے باوجود نہ صرف معمول کی زندگی گزار رہی ہیں، بلکہ وہ روز مرہ کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔

تصویر بشکریہ ہارٹ فورڈ کورنٹ
تصویر بشکریہ ہارٹ فورڈ کورنٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں