• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:41am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:45am Sunrise 6:08am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:41am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:45am Sunrise 6:08am

یونس خان 10ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز

شائع April 24, 2017
یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

عظیم پاکستانی بلے باز یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا، جس کے ساتھ ہی وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 13ویں کرکٹر بن گئے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف جمیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں یونس خان نے چوکا لگا کر 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

10 ہزار رنز کا ریکارڈ بنانے کے بعد یونس خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں اسے پورے پاکستان کی کامیابی قرار دیتے ہوئے فینز اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔

بلے باز نے اپنے پیغام میں کامیابی کا کریڈٹ والدین اور فیملی کو دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ آنجہانی باب وولمر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

واضح رہے کہ یونس خان یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 13 ویں بلے باز ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے پہلے 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز ہندوستان کے سنیل گواسکر نے 1987 میں پاکستان کے خلاف احمد آباد ٹیسٹ میں بنا کر حاصل کیا تھا۔

اس کے بعد سے اب تک ایلن بارڈر، اسٹیو وا، برائن لارا، سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، رکی پونٹنگ، جاک کیلس، مہیلا جے وردھنے، کمار سنگاکارا، شیونارائن چندرپال اور ایلسٹر کک 10 ہزار رنز بنا چکے ہیں۔

ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں میں نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور زمبابوے کا کوئی کھلاڑی آج تک 10 ہزار نہیں بنا سکا۔

یونس خان کا کرکٹ کریئر

یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ سے کیا تھا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر اپنے تابناک مستقبل کا اشارہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا آپ نے یونس خان کا ریکارڈ دیکھا ہے؟

یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا جس کے بعد انھوں نے ٹی ٹوئنٹی سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا جبکہ انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

مایہ ناز بلے باز کو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کے علاوہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی حاصل ہے۔

انھوں نے سری لنکا کے خلاف ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا، ٹیسٹ کرکٹ میں 313 رنز ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ عہد کے کھلاڑیوں میں یونس خان کا مقام

یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوان ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

انھوں نے 265 ایک روزہ میچوں میں سات سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار 249 رنز بنائے جبکہ تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Apr 24, 2017 05:04pm
میری جانب سے یونس خان کو مبارکباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ خیرخواہ

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024