واٹس ایپ نے خاموشی سے اپنی میسجنگ سروس کے انٹرفیس میں تبدیلیاں کردی ہیں جن کا بیشتر افراد کو علم نہیں ہوسکا۔

واٹس ایپ نے اپنی نئی اپ ڈیٹ میں انٹرفیس کو تبدیل کیا ہے جن میں سب سے نمایاں نیا ویڈیو کال کا بٹن ہے جبکہ اٹیچ منٹ بٹن کو دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ تبدیلیاں مارچ میں بیٹا ورژن میں سامنے آئی تھیں تاہم اب یہ بتدریج تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دی گئی ہیں۔

اب ویڈیو کالنگ بٹن نے ٹاپ کر اٹیچ منٹ بٹن کی جگہ لے لی ہے جو کہ نیچے ٹیکسٹ بار میں منتقل ہوگیا ہے جو کیمرہ آئیکون کے ساتھ چلا گیا ہے۔

اسی طرح ٹیکسٹ بار کو بھی واٹس ایپ نے بدل دیا ہے اور اب وہ چوکور ڈبے کی بجائے گول کونوں والے نئے انداز کے ساتھ ہے۔

دوسری جانب واٹس ایپ کے نئے اسٹیٹس فیچر نے صارفین کا دل جیت لیا ہے۔

گزشتہ دنوں سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں ساڑھے 17 کروڑ افراد روزانہ اسنیپ چیٹ کے اسٹوریز فیچر کی نقل پر مبنی اسٹیٹس کو استعمال کررہے ہیں۔

یہ اس لیے حیران کن ہے کیونکہ واٹس ایپ میں اس فیچر کو متعارف ہوئے صرف 10 ہفتے ہی ہوئے ہیں جبکہ یہ ایپ میں ایک الگ ٹیب میں موجود ہے اور انسٹاگرام اسٹوریز کی طرح ہوم اسکرین پر ٹاپ پر نظر بھی نہیں آتی۔

مگر واٹس ایپ اسٹیٹس نے اسنیپ چیٹ اسٹوریز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جس کے روزانہ صارفین کی تعداد 16 کروڑ کے قریب ہے۔

جیسا آپ نے اسے استعمال کیا ہو تو معلوم ہوگا کہ اس میں تصاویر اور ویڈیوز کو ایک سلائیڈ شو میں پوسٹ کیا جاتا ہے جو کہ چوبیس گھنٹے بعد خودکار طور پر تحلیل ہوجاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں