چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے کراچی میں قائم صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کے دفتر کا دورہ کیا۔

ان کے ہمراہ این ڈی ایم اے کے آپریشنز کے رکن بریگیڈئیر مختار احمد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بحالی میر ممتاز حسین جاکھرانی، مونسپل کمشنر کے ایم سی مسعود عالم، ڈائریکٹر آپریشنز (پی ڈی ایم اے) محمد علی شیخ اور دیگر افسران موجود تھے۔

چیئرمین کو سندھ میں سیلاب، بارشوں، قحط، سائیکلون، زلزلے اور حادثاتی آتشزدگی کے حوالے سے برینفگ دی گئی۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین کو بریفنگ کے دوران حالیہ سالوں میں قدرتی آفات کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ انھیں 2017 کے سیلاب اور آئندہ آنے والے مون سون میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے ممکنہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق اس موقع پر سندھ نے این ڈی ایم اے سے بلند و بالا عمارتوں میں آگ بجھانے کیلئے اسنارکلز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ممتاز جاکھرانی نے کہا کہ بھاری مشینری کے علاوہ وفاق قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سندھ کو ہیلی کاپٹرز بھی فراہم کرے۔

انھوں نے بتایا کہ سندھ کے پاس آتشزدگی، زلزلہ اور سیلاب کے بعد ریسکیو کیلئے وسائل کی کمی ہے۔

صوبائی انتظامیہ کے مطالبات پر لیفٹیننٹ جنرل عمرمحمود حیات نے یقینی دہانی کرائی کہ این ڈی ایم اے مطلوبہ سامان کی فراہمی کیلئے کوشش کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں