سکھر:کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر حکم امتناع کےخلاف احتجاج

شائع May 19, 2017
سول سوسائٹی نے سکھر کے علاقے بندر روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا—فوٹو: عبیداللہ شیخ
سول سوسائٹی نے سکھر کے علاقے بندر روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا—فوٹو: عبیداللہ شیخ

سکھر میں عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر حکم امتناع کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

گذشتہ روز عالمی عدالت انصاف کی جانب سے سامنے آنے والے فیصلے کے خلاف سکھر کے شہریوں نے سول سوسائٹی کے نمائندے اصلاح الدین شیخ و دیگر کی قیادت میں بندر روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے بھارتی جاسوس کے پتلے کو علامتی پھانسی دی—فوٹو: عبیداللہ شیخ
مظاہرین نے بھارتی جاسوس کے پتلے کو علامتی پھانسی دی—فوٹو: عبیداللہ شیخ

نعرے بازی کرتے مظاہرین نے کلبھوشن یادیو کی پھانسی کے مطالبے کے بینرز اور بھارتی جاسوس کا پتلا بھی اٹھا رکھا تھا جسے بعد ازاں علامتی پھانسی دی گئی۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ 'عوام قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے، کلبھوشن یادیو دشمن ہے جو کسی رعایت کا مستحق نہیں، اس کے ہاتھ پاکستانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں'۔

احتجاج کرنے والے افراد کا مطالبہ تھا کہ بھارتی جاسوس کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا، جبکہ اس کی پھانسی کی سزا پر فوری عملدرآمد کرکے اسے کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیئے تاکہ دیگر ملک دشمنوں کو بھی سبق حاصل ہوسکے۔

مظاہرین نے پاک فوج کے حق میں بھی نعرے بازی کی۔

یہ بھی پڑھیں: حتمی فیصلہ آنے تک پاکستان کلبھوشن کو پھانسی نہ دے، عالمی عدالت

یاد رہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے خلاف ہندوستان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہیں دی جاسکتی۔

حساس اداروں نے 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے بھارتی جاسوس اور نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کلبھوشن یادیو کون ہے؟

جبکہ گذشتہ ماہ 10 اپریل کو پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنادی گئی تھی۔

جس کے بعد بھارت نے رواں ماہ 10 مئی کو جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رابطہ کرکے پاکستان پر ویانا کنوینشن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔

15 مئی کو درخواست پر پہلی سماعت کے دوران بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے اپیل کی تھی کہ پاکستان کو کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کو معطل کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں کیونکہ اس فیصلے سے کلبھوشن کے بنیادی حقوق مجروح ہوئے ہیں۔

گذشتہ روز فیصلہ سناتے ہوئے جج رونی ابراہم نے بھارت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دینی چاہیئے اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے تک کلبھوشن کو پھانسی نہیں دی جاسکتی۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025