برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع برٹش ایرینا میں امریکی گلوکارہ آریانہ گرانڈے کے کنسرٹ کے اختتام کے بعد ہونے والے دھماکے میں 19 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

برطانوی پولیس اس حملے کو دہشت گرد کارروائی کے طور پر دیکھ رہی ہے تاہم اب تک کسی دہشت گرد تنظیم نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

دوسری جانب آریانہ گرانڈے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 23 سالہ امریکی گلوکارہ 'خیریت' سے ہیں۔

گلوکارہ نے اپنے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر اپنے دکھ کا بھی اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا، 'واقعے سے میرا دل ٹوٹ گیا ہے، مجھے بہت افسوس ہے، میرے پاس الفاظ نہیں'۔

آریانہ گرانڈے کے ساتھی گلوکاروں اور دیگر ستاروں نے بھی سوشل میڈیا پر اس دھماکے کی مذمت کی۔

گلوکارہ ٹیلر سوفٹ نے لکھا ’میری دعائیں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو مانچسٹر میں ہونے والے دھماکے سے متاثر ہوئے، ان سب کے لیے میرا پیار‘۔

گلوکارہ کیٹی پیری بھی اس موقع پر متاثر ہونے والے افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

امریکی اداکارہ اور پاپ گلوکارہ شر نے اس موقع پر کہا کہ ان کی دعائیں مانچسٹر کے لوگوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس مقام پر ان کی جوانی کا دور گزرا۔

گلوکارہ سبرینا کارپنٹر کا کہنا تھا کہ ’یہ پاگل پن ہے، میرے پاس الفاظ نہیں، مجھے بے حد افسوس ہورہا ہے اس جگہ کو محفوظ ہونا چاہیے تھا، میں ان تمام متاثر ہونے والے افراد کے بارے میں سوچ رہی ہوں‘۔

گلوکارہ لی آن رائمس اور جوش گروبن نے بھی اس موقع پر اپنے غم کا اظہار کیا اور مانچسٹر کے عوام کو حوصلہ مند رہنے کا پیغام دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں