امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی انٹیل نے کریڈٹ کارڈ کے سائز کا کمپیوٹر متعارف کرانے کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا۔

تائپے میں ہونے والی کمپیوٹکس 2017 کانفرنس میں انٹیل نے جہاں ایکس سیریز کے 18 کور کے پی سی متعارف کرائے، وہیں کمپنی نے دنیا کو حیران کردینے والا اعلان بھی کیا۔

کمپنی نے اعلان کیا کہ رواں برس اگست میں ’کمپیوٹ کارڈ‘ کو متعارف کرایا جائے گا، جو ایک کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈ سائز کا ہوگا، مگر یہ کام کے حوالے سے کسی طرح بھی ڈیسک ٹاپ پی سی سے کم نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: انٹیل کا کور 18 کا نیا سی پی یو متعارف

انٹیل کے کمپیوٹ کارڈ کی لمبائی 94.5، چوڑائی 55 اور موٹائی محض 5 ملی میٹر ہوگی، مگر اس میں 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کی جگہ ہوگی، جو کسی بھی بڑے اور اسمارٹ موبائل فون سے زیادہ یا اس کے برابر ہے۔

—فوٹو/ انٹیل
—فوٹو/ انٹیل

مگر اس کارڈ سائز پی سی کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس کی رفتار موبائل فون سے زیادہ اور عام ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر سے زیادہ یا اس کے برابر ہوگی۔

مزید پڑھیں: انٹیل کا اسمارٹ ٹیکنالوجی لباس متعارف

کمپنی کے مطابق اس کمپیوٹ کارڈ کے 4 مختلف ماڈلز پیش کیے جائیں گے، جن کے سائز یکساں، مگر رفتار الگ الگ ہوگی۔

کمپیوٹ کارڈ میں بلیو ٹوتھ، وائی فائی اور دیگر ڈیوائسز سے منسلک ہونے کی سہولت بھی شامل ہوگی۔

کمپنی کے مطابق اس کمپیوٹر سے انجینئرز، پروفیشنلز اور ماہرین کو زیادہ فائدہ پہنچے گا اور وہ اپنی تمام چیزیں ہر وقت ایک کمپیوٹر میں لے کر سفر کریں گے اور کمپیوٹر ان کی جیب میں رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: انٹیل سائنس فیئر: کامیاب پاکستانیوں کا اعلان کردیا گیا

خیال رہے کہ انٹیل کمپیوٹ کارڈ سمیت دیگر مصنوعات اور آلات اپنی پارٹنر کمپنیوں لینووو، ایچ پی اور ڈیل کے اشتراک سے متعارف کرائے گی۔

کانفرنس میں انٹیل نے تو اپنی مستقبل کی مصنوعات سے متعلق بھی اعلان کردیا، مگر اس کی پارٹنر کمپنیوں کی جانب سے کانفرنس کے پہلے ہفتے کوئی اعلان سامنے نہیں آسکا۔

یہ کانفرنس آئندہ ماہ 3 جون تک جاری رہے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں