بجلی صارفین کو رواں ماہ 1 روپے 96 پیسے فی یونٹ کی واپسی

شائع June 2, 2017

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کی تمام بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اپریل کے ماہ میں اضافی بل کی وصولی کے بعد وہ صارفین کو آئندہ ماہ 1 روپے 96 پیسے فی یونٹ واپس کریں۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے جمع کرائی جانے والی پٹیشن کو قبول نہیں کیا گیا، جس نے فیول کی قیمتوں میں کمی کے باعث اپریل میں 1 روپے 75 پیسے فی یونٹ بطور ایڈجسٹمنٹ ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

مزید پڑھیں: ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ تک جاپہنچا

نیپرا نے نوٹیفکیشن میں بتایا کہ اپریل میں 7 روپے 63 پیسے فی یونٹ فیول لاگت کے مقابلے میں اصل پول فیول چارج 5 روپے 78 پیسے فی یونٹ تھا جبکہ چند دیگر چارجز شامل کرنے کے بعد صارفین کو واپس کی جانے والی رقم 1 روپے 96 پیسے فی یونٹ بنتی ہے۔

تاہم سی پی پی اے نے پیداواری لاگت کو ہائیڈرو پاور جنریشن میں شامل کرنے کی کوشش کی تھی جو کہ توانائی کا ایک قابل تجدید ذریعہ ہے۔

البتہ نیپرا نے اس قانون کو مسترد کردیا اور صرف فیول چارجز کے تحت منظور شدہ ٹیرف کو ایڈجسٹ کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی، کل بجلی منافع اور پانی کے استعمال کے چارجز ’فیول چارجز کی تعریف میں شامل نہیں‘، جیسا کہ سی پی پی اے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا، نیپرا کے مطابق ایسے چارجز واپڈا کی سالانہ آمدنی کی ضروریات میں ریگولر ٹیرف کے طور پر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت پانی و بجلی کے ’غافل‘ حکام پر وزیراعظم برہم

نوٹیفکیشن کے مطابق ماہ اپریل میں جو فیول چارجز لیے گئے وہ 5 روپے 66 پیسے فی یونٹ تھے جبکہ پہلے سے منظور شدہ فیول چارج 7 روپے 63 پیسے فی یونٹ تھا لہٰذا صارفین کو 1 روپے 96 پیسے فی یونٹ واپس کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ ٹیرف ایڈجسمنٹ صارفین کے بلوں میں آئندہ ماہ کے فیول ایڈجسمنٹ پلان کے تحت کی جائے گی جس میں صارفین کو اضافی فیول چارج واپس کیے جائیں گے۔

تاہم بجلی کی قیمتوں میں یہ تبدیلی ذرعی صارفین، کے الیکٹرک اور 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر لاگو نہیں ہوگی۔


یہ خبر 2 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 18 جولائی 2025
کارٹون : 17 جولائی 2025