اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کیلئے دائر ایک درخواست پر سماعت کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹائر جسٹس سردار رضا کی سربراہی میں کمشین کے 5 ارکان پر مشتمل بینچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری اور محمد خان کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے ابتدا میں ہی الیکشن کمشنر سردار رضا نے کہا کہ اسی طرح کی ایک پٹیشن کی سماعت سپریم کورٹ بھی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: نااہلی کیس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنےکی پی ٹی آئی درخواست مسترد

انھوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل سے سوال کیا کہ ’سپریم کورٹ میں کیس کا کیا اسٹیٹس ہے؟‘

جس پر وکیل نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت جاری ہے، اس موقع پر عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے الیکشن کمیشن کو کہا کہ وہ عمران خان کی نااہلی کی درخواست کو خارج کردیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ای سی پی کو پٹیشن کے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا حتمی فیصلہ کرنا ہے۔

دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن سے عمران خان کے اعتراضات پر جواب طلب

خیال رہے کہ طلال چوہدری اور دیگر نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دینے کیلئے درخواست دائر کی تھی جس میں ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ عمران خان نے جعلی مالی دستاویزات پیش کی ہیں جبکہ محمد خان نے جہانگیر ترین کے خلاف قرضے معاف کرانے کے باعث نااہلی کی درخواست کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں