یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (یواے ایف) نے سوشل میڈیا پر یونیورسٹی انتظامیہ پر تنقید کرنے اور ساتھی طلبا کی غلط رہنمائی کے الزام پر چار طلبا کو خارج کردیا۔

واضح رہے کہ یواے ایف کی جانب سے نومبر2015 میں یونیورسٹی کی جانب سے منعقد کیے گئے کسان میلے کے خلاف فیس بک پر اظہار خیال پر پی ایچ ڈی کے طالب علم کاشان حیدر کو بھی معطل کردیا گیا تھا جس کے بعد یہ دوسرا واقعہ ہے۔

یواے ایف کی جانب سے تازہ اعلامیہ چار روز قبل 6 جون کو جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ 'ڈسپلنری مشاورتی کمیٹی نے ایم ایس سی کے طالب محمد اسفندیار جاوید، ایم ایس سی کے ہی طالب علم زبیر اقبال، منیجمنٹ سائنسز میں ایم ایس کرنے والے طالب علم غلام جیلانی اور ایم ایس سی کے طالب علم عمر بلال کو سوشل میڈیا میں یونیورسٹی کے خلاف ناپسندیدہ کلمات جاری کرنے، طلبا برادری کو غلط خبر دینے، انھیں پھنسانے اور یونیورسٹی کو بدنام کرنے اور شہرت کو نقصان پہنچانے کے مرتکب پایا'۔

کمیٹی نے متعلقہ حکام سے تینوں طلبا کو 2016-17 کے سیزن سے مکمل طور پر خارج کرنے کی منظوری دے دی اور عمربلال کو دو سال کے لیے خارج کرتے ہوئے ہوسٹل خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خارج کیے گئے طلبا کو 30 روز کے اندر وائس چانسلر کے پاس ذاتی طور پر اپیل کا حق دیا گیا ہے جبکہ ان کی اپیل پر جاری کیے احکامات کے خلاف بھی نظر ثانی کی درخواست جمع کراسکتے ہیں۔


یہ خبر 10 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں