پاکستان کی فتح کے بعد 'تقسیم ہند جیسی صورتحال'

اپ ڈیٹ 17 جون 2017
کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر میچ جیتنے کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے—۔فوٹو/ اے ایف پی
کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر میچ جیتنے کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے—۔فوٹو/ اے ایف پی

کارڈف کے میدان میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر کی ناقابل شکست اننگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔

اس سنسنی خیز میچ کے ہر لمحے نے شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرینوں کے سامنے جکڑے رکھا۔

پاکستان کی کامیابی کے بعد جہاں کرکٹ فینز نے سکون کا سانس لیا وہیں وہ سماجی روابط کی ویب سائٹس پر دلچسپ تبصرے بھی کرتے دکھائی دیئے۔

عوامی اظہار خیال کے معروف پلیٹ فورم ٹوئٹر پر شائقین کرکٹ کا ردعمل مختلف دلچسپ اور مزاحیہ ٹوئیٹس کی صورت میں سامنے آیا، ملاحظہ فرمائیں۔

شائقین کا انگلینڈ کو مشورہ

چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنلز میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی رسائی پر ایک ٹوئٹر صارف کا خیال تھا کہ تقسیم ہند سے قبل کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

پاکستان کی جیت کے بعد کی گئی ٹوئٹ میں مذکورہ ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو چاہیے کہ وہ سیمی فائنل میں پاکستان سے شکست کھائے اور فائنل میں پاکستان اور بھارت کو اسی طرح آمنے سامنے آنے دے جیسے وہ 1947 میں آئے تھے۔

عامر کی بہترین بیٹنگ اور باؤلنگ

میچ کے دوران کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بھی شائقین کی گہری نظر رہی۔

یہ ہی وجہ تھی کہ کپتان کے ساتھ 75 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرنے والے محمد عامر کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا۔

ایک ٹوئٹر صارف تو اس تعریف و توصیف میں اتنا آگے بڑھے کہ فوٹو شاپ کی مدد لیتے ہوئے دیگر کھلاڑیوں کے چہروں کی جگہ بھی محمد عامر کا چہرہ لگادیا، کیونکہ ان کے خیال سے باقی کھلاڑیوں کے حصے کا کام بھی محمد عامر نے ہی سرانجام دیا تھا۔

سری لنکن فیلڈنگ

پاکستان اور سری لنکا کے مقابلے میں 'کیچز ون میچز' کی مثال صادر آتی دکھائی دی اور لاستھ ملنگا کے چھوڑے گئے دو کیچز پاکستان کی جیت کی راہ آسان کرگئے۔

ناقص سری لنکن فیلڈنگ اور یکے بعد دیگرے سری لنکن کھلاڑی کے ہاتھوں گرتی گیند پر بھی کرکٹ فینز کہاں خاموش رہنے والے تھے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے تو بولی ووڈ فلم 'لگان' کے میچ میں شامل دیہاتی کو ہی سری لنکن کھلاڑیوں سے بہتر فیلڈر قرار دے دیا۔

ایک ٹوئٹر صارف کا خیال تھا کہ سری لنکا، پاکستان جیسی فیلڈنگ کررہا ہے۔

تو ایک صارف کے خیال میں سرفراز احمد اور محمد عامر کے بعد پاکستان کا تیسرا بہترین بلے باز ہی 'سری لنکن فیلڈنگ' ہے۔

حسن علی کے جشن کا انداز

کرکٹ شائقین کو حسن علی کا وکٹس لینے کے بعد جشن منانے کا انداز بھی خاصا پسند آیا۔

پرفارم نہ کرنے والے کھلاڑیوں پر تنقید

پاکستانی ٹیم کے پرفارم نہ کرنے والے کھلاڑیوں سے متعلق بھی ٹوئٹر صارفین کا غصہ سامنے آیا۔

کسی کا خیال تھا کہ محمد عامر باؤلر ہوتے ہوئے بھی بلے بازوں سے زیادہ رنز بنا گئے۔

روایتی حریف کو جواب

پاکستان کی کامیابی کی خبر روایتی حریف بھارت کو نہ سنائی جائے، ایسا تو ممکن ہی نہیں!

لہذا ایک صارف نے اس کا بھی خوب انتظام کیا اور پاکستان کی جیت پر ہندوستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، 'کیا آپ دیکھ رہے ہیں؟'

تبصرے (0) بند ہیں