کابل: افغانستان کے دارالحکومت کی مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق متعدد خودکش بمباروں نے پولیس کی جانب سے نماز کی جگہ کی طرف جانے سے روکے جانے پر خود کو الزہرا مسجد کے کچن میں دھماکوں سے اڑایا۔

کابل میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دہشت گردی کے کئی حملے ہوچکے ہیں جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ افغان صدر اشرف غنی کی حکومت کے استعفے کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کابل میں پولیس کے قافلے پرخودکش حملہ،27 ہلاک

افغان وزارت داخلہ کی ترجمان نجیب دانش کا کہنا تھا کہ ’دہشت گرد حملہ مغربی کابل میں الزہرا مسجد میں ہوا جس میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔‘

ابتدائی طور پر حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

تاہم طالبان ترجمان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عبادت گاہوں کو نشانہ نہیں بناتے۔

واضح رہے کہ 31 مئی کو بھی کابل میں ٹرک بم دھماکے میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں