پاکستان کی بھارت کو شکست، مقبوضہ کشمیر میں جشن

اپ ڈیٹ 21 جون 2017
کشمیری نوجوان پاکستان کی جیت کے ساتھ پاکستان کا پرچم تھامے سڑکوں پرنکل آئے—فوٹو: اے ایف پی
کشمیری نوجوان پاکستان کی جیت کے ساتھ پاکستان کا پرچم تھامے سڑکوں پرنکل آئے—فوٹو: اے ایف پی
کشمیریوں نے پاکستان کی فتح کا جشن منایا—فوٹو: اے ایف پی
کشمیریوں نے پاکستان کی فتح کا جشن منایا—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی بھارت کے خلاف چمپیئنزٹرافی کے فائنل میں فتح پر مقبوضہ کشمیر میں نعرے بازی اور آتش بازی کے ساتھ بھرپور جشن منایاگیا۔

اےایف پی کی رپورٹ کے مطابق سری نگر میں بڑی تعداد میں نواجون ٹی وی کی دکانوں کے سامنے جمع ہوگئے تھے جہاں اوول کے میدان میں پاکستان کی جیت کا انتظار کررہے تھے۔

پاکستان کی جیت کے ساتھ ہی کشمیری گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر پاکستان کا پرچم لہراتے ہوئے 'جیوے جیوے پاکستان' کے نعرے لگائے اور سری نگر کی آسمان پر آتش بازی کا حسین منظر تھا۔

خیال رہے کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی کی تحریک چلا رہے ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں کشمیری جاں بحق ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر مظفر برہان وانی کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد وادی کے حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور ایک سال کےدوران کئی نوجوانوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

حالیہ دنوں میں ایک مرتبہ پھر کشیدگی میں اضافہ ہوا جہاں حزب المجاہدین کے رہنما سبزاراحمد کو مارا گیا جبکہ کئی نوجوانوں کو بھی نشانہ بنایا اور حریت رہنماؤں کو نظربند رکھا گیا۔

مزید پڑھیں:سری نگر: حزب المجاہدین کمانڈر سمیت 11 کشمیری جاں بحق

ایک کشمیری نوجوان کا پاکستان کی فتح پر کہنا تھا کہ 'اس لمحے کا ہمیں انتظار تھا اور آج خواب پورا ہوا ہے'۔

سری نگر کی جامع مسجد کے باہر کھڑے ایک اور نوجوان نے کہا کہ 'اس ٹرافی کی جیت کے ساتھ ساتھ میں اپنے سیاسی جذبات کا بھی جشن منا رہا ہوں'۔

قبل ازیں بھارتی پیراملٹری فورسز نے کشمیر کے مختلف علاقوں میں پٹرولنگ کی تاہم کسی تصادم کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس کے ایک سینئر افسر کا کہنا تھا کہ 'پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ ہمارے لیے ہمیشہ ایک منفرد چیلنج ہوتا ہے اس لیے ہمیں الرٹ رہنا پڑتا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں